پشاور(کشمیر ڈیسک)کاونٹر ٹیررازم خیبر پختونخوا (سی ٹی دی) نے رواں برس کے چار ماہ کے دوران صوبے کے 22 اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے کالعدم تنظیموں کے 1107 نامزد دہشتگردوں میں سے 144 دہشتگردوں کو ہلاک، جبکہ 86 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے دستاویزات کے مطابق 22 اضلاع میں 259 دہشت گردی کے واقعات رونما ہوئے؛ ان میں 877 دہشت گرد اشتہاری ہیں۔
دستاویزات کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے 52 واقعات میں 391 دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا جن میں سے 12 کو ہلاک کیا گیا۔
بنوں میں دہشت گردی کے 31 واقعات میں 37 دہشت گرد نامزد کئے گئے جن میں سے 18 ہلاک، جبکہ 19 اشتہاری ہیں۔ ڈی آئی خان میں دہشت گردی کے 29 واقعات میں 136 کو نامزد کیا گیا جن میں سے 67 ہلاک، جبکہ دو گرفتار کئے گئے۔
لکی مروت میں بھی دہشت گردی کے 29 واقعات میں نامزد 79 دہشت گردوں میں سے نو کو ہلاک، ایک کو گرفتار کیا گیا۔ضلع خیبر میں دہشت گردی کے 18 واقعات میں 17 دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا، اِن میں سے صرف دو دہشت گرد گرفتار کئے گئے۔
باجوڑ میں دہشت گردی کے 15 واقعات میں چار دہشت گرد کو نامزد کیا گیا جو تاحال اشتہاری ہیں۔ جنوبی وزیرستان میں دہشت گردی کے 13 واقعات میں سولہ دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا، ان میں سے پانچ کو ٹھکانے لگا دیا گیا۔
پشاور میں دہشت گردی کے 12 واقعات میں 19 دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا۔ ٹانک میں دہشت گردی کے بارہ واقعات رونما ہوئے جن میں پچانوے دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا، ان میں سے چودہ مارے گئے۔ کرک میں دہشت گردی کے آٹھ واقعات رونما ہوئے جن میں 51 کو نامزد کیا گیا جن میں سے آٹھ مارے گئے، 43 اشتہاری ہیں۔
کرم میں بھی دہشت گردی کے آٹھ واقعات میں 166 دہشت گردوں کو نامزد کر کے ستر کو گرفتار کیا گیا۔ ضلع کوہاٹ میں دہشت گردی کے پانچ واقعات میں نو دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا جن میں سے چار گرفتار جبکہ ایک ہلاک ہوا۔نوشہرہ میں دہشت گردی کے چار واقعات میں ایک دہشت گرد کو نامزد کیا گیا جبکہ ایک کو ہلاک کر دیا گیا۔
مردان میں دہشت گردی کے تین واقعات رونما ہوئے جن میں 45 دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا. ان میں سے ایک کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
ضلع چارسدہ میں دہشت گردی کے تین واقعات میں تین کو نامزد کیا گیا، ایک کو ہلاک کیا گیا۔ اورکزئی اور شانگلہ میں بھی دہشت گردی کے تین تین واقعات رونما ہوئے جن میں گیارہ دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا۔
دیر لوئر میں دہشت گردی کے تین واقعات میں 14 دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا جن میں سے دو ہلاک، دو گرفتار ہوئے۔ ہنگو میں دہشتگردی کے تین واقعات میں نامزد ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔
سوات میں دہشت گردی کے دو واقعات میں چھ دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا جن میں سے تین کو گرفتار جبکہ ایک کو ہلاک کیا گیا۔ ملاکنڈ میں بھی دہشت گردی کے دو واقعات رونما ہوئے جن میں سے چار دہشت گردوں کو نامزد کیا گیا اور چاروں ہلاک ہوئے۔ ہری پور میں دہشت گردی کا ایک ہی واقعہ پیش آیا جس میں نامزد دو ملزمان میں سے ایک گرفتار ہو چکا ہے۔