اسمبلی اجلاس آج11بجے طلب ،دہشتگردی خدشات پر بریفنگ دی جائیگی

مظفرآباد : صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر نے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر لیا،سیکرٹریٹ قانون ساز اسمبلی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر ریاست آزادجموں وکشمیر نے قانون سازاسمبلی کا اہم اجلاس آج بروز بدھ دن کو 11بجے طلب کر لیا ہے،اجلاس دن 11بجے بلاک نمبر12سول سیکرٹریٹ مظفر آباد میں طلب کیا گیا ہے۔

قانون سازاسمبلی کا موجودہ اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ گزشتہ دنوں آزادکشمیر میں دہشتگرد گرفتار کئے گئے ہیں اور وزیر داخلہ نے دہشتگردکارروائیوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ کرنل (ر)وقار نور نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور پناہ دینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے اور اس حوالے سے ہمارے پاس ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس رانا عبدالجبار نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر کا عام شہری دہشت گردی سے نفرت کرتا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران مبینہ دہشت گردوں کے اعترافی بیانات کی ویڈیوز بھی صحافیوں کو دکھائی گئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق اسمبلی اجلاس میںاپوزیشن سمیت تمام ممبران اسمبلی کوحکام آزادکشمیر کی موجودہ صورتحال سمیت دہشتگردی کے خدشات پر بریفنگ دیں گے اور مشترکہ حکمت عملی طے کئے جانے کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آزاد کشمیر : صدر ، وزیراعظم، وزرائے کرام، اراکین اسمبلی کو تنقید سے بچانے والے قانون پر نئی بحث چھڑ گئی

Scroll to Top