مظفرآباد: کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتارحسین کی زیر صدارت ریجنل/ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کر لئے گئے۔
اجلاس میں کمانڈر ون اےکے بریگیڈ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس(ریجن)مظفرآباد یاسین قریشی، سپرنٹنڈنگ انجینئرہائی وے سیدکاشف علی گزدیزی، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد مدثر فاروق، ڈپٹی کمشنر نیلم ندیم احمد جنجوعہ، ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سیداشفاق گیلانی اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اسکی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔
اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے، جرائم کے خاتمہ، ٹریفک مسائل کے خاتمہ سمیت شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر آزادکشمیر میں مختلف منصوبہ جات پر کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سیکورٹی کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
پترینڈ پاور پراجیکٹ، نیلم جہلم پاورپراجیکٹ میں سکیورٹی فلاز کو دورکرنے کے علاوہ راڑاہ جیل کا6 جوائنٹ سکیورٹی آڈٹ کئے جانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبہ جات بروقت تکمیل کے لیے تمام محکمہ جات کوآرڈینیشن سے کام کریں گے۔
اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز نے اپنے اپنے ضلع میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔
سیاحوں کو انٹری پوائنٹس پر ٹیک جاری کئے جائیں، کمشنر مظفر آباد
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام محکمہ جات اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کاری کو مزیدبہتربنایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کے نظام کو اس طرح ترتیب دیا جائے کہ سیاحوں کوچیک کرنے کے بعد اُن کا ڈیٹامرتب کرتے ہوئے ٹیگ جاری کئے جائیں تاکہ اُن کو باربارچیکنگ کے عمل سے نہ گزرنا پڑے۔
قائداعظم لاجز برسالہ کی رینویشن کے لئے کام شروع کیا جائے۔ اس کے علاوہ ٹورآپریٹرزکی رجسٹریشن کی جائے ،بجلی کی فراہمی اور پاور جنریشن سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے پلان مرتب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جنگلات کو لگائی جانے والی آگ سے ایک طرف تو ہمارے قیمتی جنگلات کا ضیائع ہو رہا ہے جبکہ دوسری طرف یہ ہمارے ائیر انڈیکس کو بھی بری طرح متاثر کر رہی ہے۔اس اہم مسئلہ کی جانب ہم سب کو سنجیدگی سے توجہ دیتے ہوئے اپنی اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمہ،غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی، مدارس کی رجسٹریشن، ساؤنڈ سسٹم ایکٹ پر عملدرآمد، افغان شہریوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنے، سڑکوں کو بہتر بنانے، روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
نیلم میں گزشتہ عرصہ میں برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے اس کی زدمیں آنے والے افراد کی ڈیڈ باڈزی کی ریکوری کے لئے ریسکیو آپریشن کو تیز کیا جائے۔
مدارس کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے،کمانڈر ون اےکے بریگیڈ
اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کمانڈر ون اےکے بریگیڈ نے کہا کہ اس فورم کا مقصد ایک دوسرے کے کام کا جائزہ لے کر کوآرڈینیشن کو بڑھانا ہے تاکہ زیادہ بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن اور غیر ملکیوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ ضلع جہلم ویلی کے لیے منظور شدہ ہیوی ٹرانسفارمر کی جلد تنصیب کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملک کر اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔ عوام کی فلاح وبہبود اور ریلیف وریسکیو کے کاموں میں پاک فوج بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے
۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس یاسین قریشی نے کہا کہ ملک کی انٹرنل سکیورٹی اور امن وامان کو برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے جبکہ ایکسٹرنل سکیورٹی افواج پاکستان کی ذمہ داری ہے۔