موسمیاتی تبدیلی مسائل ،وفاق کی آزادکشمیر حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد:وزیراعظم پاکستان کی مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی مسائل سے نمٹنے کیلئے حکومت آزادکشمیر کو ہرممکن معاونت فراہم کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سپیکر آزادکشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے وزراء سردار جاوید ایوب، سردارضیاء القمر کے ہمراہ وزیراعظم کی مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم سے اہم ملاقات کی۔

سپیکر آزادکشمیر اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ،بارشوں میں کمی ،جنگلات کے کٹاؤ اور شہری آبادیوں میں اضافے سے دن بدن ماحولیاتی مسائل بڑھ رہے ہیں جس کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر خاص طور پر مظفرآباد میں ڈیموں کی تعمیر سے بننے والی ٹنلز کی وجہ سے دریاؤں کا بہاؤ کم ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت بڑھی ہے اور دیہات میں پانی کی سطح نیچے چلی گئی ہے جسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے جنگلات کو بچانا ہو گا اور شجرکاری پر توجہ دینا ہو گی اس کے ساتھ ساتھ اوزون کو نقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کیلیے بھی اقدامات کرنا ہونگے ۔

مشیر وزیراعظم پاکستان رومینہ خورشید نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں زیادہ ماحولیاتی مسائل ہیں کیونکہ وہاں طے شدہ ضوابط کی پابندی نہیں کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اس مسئلے کو بہت سنجیدگی سے لے رہی ہے اور اس کو حل کرنے کیلئے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔الیکٹریکل گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ ایندھن کے استعمال کو کم سے کم کیا جائے ۔

ملاقات کے اختتام پر مشیر وزیراعظم پاکستان نے سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کو سوونییر بھی دیا ۔سپیکر قانون ساز اسمبلی نے محترمہ رومینہ خورشید عالم کا شکریہ ادا کیا۔

Scroll to Top