اسلام آباد: پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان کو 2025 میں دنیا کے 50 بہترین سیاحتی مقامات میں شامل کر لیا گیا ہےجس سے نہ صرف پاکستان کی سیاحت کی صنعت کو نیا عروج ملے گا بلکہ عالمی سطح پر اس علاقے کی قدرتی خوبصورتی کو بھی سراہا گیا ہے۔
معروف برطانوی اخبار “فنانشل ٹائمز” نے گلگت بلتستان کو اس فہرست کا حصہ قرار دیا ہے جس میں دنیا کے سب سے حسین سیاحتی مقامات شامل ہیں۔ فنانشل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں گلگت بلتستان کو “دنیا کے سب سے شاندار پہاڑی مناظر” کی حامل جگہ قرار دیا ہے۔ یہاں کی بلند و بالا چوٹیوں، سرسبز وادیوں اور منفرد قدرتی مناظر کی بدولت دنیا بھر سے سیاح اس علاقے کا رخ کر رہے ہیں۔ خطے کی بہتر سکیورٹی، آسان رسائی اور بہتر رہائشی سہولتوں کے باعث سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہےجو اس بات کا ثبوت ہے کہ گلگت بلتستان سیاحت کے لیے ایک محفوظ اور دلکش مقام بن چکا ہے۔
پاکستان نے اگست 2024 میں 120 سے زائد ممالک کے شہریوں کے لیے آن لائن ویزا کی سہولت فراہم کی ہےجس سے گلگت بلتستان کا دورہ مزید آسان ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ، 14 روزہ گروپ ٹورز کا آغاز بھی کیا گیا ہے جو نہ صرف سیاحوں کو گلگت بلتستان کی ثقافت اور تاریخ سے آگاہ کرتا ہے بلکہ 6 دن کی ٹریکنگ کے ذریعے ان کو علاقے کی قدرتی خوبصورتی کا قریب سے مشاہدہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
فنانشل ٹائمز کے بعد، امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بھی 2025 کے لیے گلگت بلتستان کو دنیا کے 25 بہترین سیاحتی مقامات میں شامل کیا ہے۔ سی این این نے اس علاقے کو “جنت کا دروازہ” قرار دیتے ہوئے یہاں کے حسین پہاڑوں اور وادیوں کی تعریف کی ہے۔ خاص طور پر ‘کے ٹو’ اور ‘نپال’ جیسی بلند چوٹیوں کے منظر اور وادی ہنزہ کی دلکشی سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ رہی ہیں۔
اس فہرست میں شامل دیگر مقامات جیسے ڈومینیکا (کیریبین)، ناؤشیما (جاپان) اور ڈولومائٹس (اٹلی) گرین لینڈ کے ساتھ ساتھ، گلگت بلتستان میں بھی سیاحت کے ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان علاقوں میں سیاحت کا مقصد نہ صرف تفریح ہوتا ہے بلکہ مقامی کمیونٹیز کو فائدہ پہنچانے کے لیے بھی منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔ دنیا بھر کے ممالک نے سیاحت کو پائیدار بنانے کے لیے قوانین متعارف کروائے ہیں تاکہ قدرتی وسائل کا تحفظ ہو سکے اور مقامی لوگوں کی معیشت بھی مستحکم ہو۔
گلگت بلتستان کا 2025 کی سیاحتی فہرست میں شامل ہونا پاکستان کے سیاحتی شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس سے نہ صرف سیاحوں کو اس علاقے کی خوبصورتی دیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ مقامی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ گلگت بلتستان کی قدرتی حسن اور دلکش مناظر کی عالمی سطح پر پذیرائی پاکستان کے سیاحتی صنعت کے لیے ایک نیا دروازہ کھولے گی جو دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔