مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) ڈنہ، ریالی اور چلہانہ میں اپینڈکس کے 100 کیسز سامنے آنے کا انکشاف جن میں سے 60 مریضوں کے آپریشن جبکہ 40مریضوں کا ادویات کے ذریعے علاج کیا گیا۔
ممبر اسمبلی عبدالوحید کے سوال کے جواب میں وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے قانون ساز اسمبلی کو بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے میڈیکل ٹیم بھیجی گئی تھی جس میں دو ڈاکٹر، دو جونیئر ٹیکنیشن اور ایک فوڈ انسپکٹر شامل تھے۔
وزیر صحت کے مطابق میڈیکل ٹیم نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ مبینہ طور پر بیماری کے پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ پانی کا ایک پرانا اور خستہ حال ٹینک تھا جس میں جانوروں کا فضلہ بھی موجود تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اساتذہ کا دیرینہ خواب پورا،محکمہ تعلیم کا بڑا اقدام، 118 اساتذہ کی ٹائم سکیل ترقیابی منظور
مذکورہ ٹینک کا پانی پورے علاقے میں استعمال کیا جاتا تھا، جبکہ مقامی دکانوں پر فروخت ہونے والی متعدد اشیاء بھی غیر معیاری پائی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ کے تعاون سے مذکورہ ٹینک کی صفائی کروا دی گئی جبکہ پانی کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں۔
غیر معیاری اشیاء کی فروخت روکنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو فوری معائنہ اور کارروائی کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر: سرکاری تعلیمی اداروں میں یونیفارم میں نرمی، طلبہ کو گرم لباس پہننے کی اجازت
ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں گھر گھر جا کر عوام کو احتیاطی تدابیر اور ضروری آگاہی فراہم کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں بیماری کی صورتحال پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ حکومت کے 100 روزہ پلان کے تحت ٹی ایچ کیو شاردہ اور ڈی ایچ کیو اٹھمقام کو بھی فعال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔




