مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ تعلیم میں اصلاحات کا نیا باب رقم، میرٹ، اہلیت اور سنیارٹی کی بالادستی،118 اساتذہ کی ٹائم سکیل ترقیابی کی منظوری دیدی ۔
آزاد کشمیر محکمہ تعلیم سکولز میں برسوں سے زیرِ التوا اساتذہ کے مسائل اب تیزی سے حل ہونے لگے ہیں۔
سیکرٹری تعلیم سکولز سردار سہیل اعظم کے انقلابی اور اصلاحاتی ایجنڈے کی بدولت اساتذہ کو اب میرٹ، اہلیت اور سنیارٹی کی بنیاد پر ان کا جائز حق ملنے لگا ، زیرِ التوا کیسز برق رفتاری سے یکسو کرلئے گئے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دہشتگردتنظیم ایکشن کمیٹی کیساتھ روابط، میئر راولاکوٹ عبدالنعیم خان عہدے سے برطرف
اساتذہ کیلئے مزید خوشخبریاں بھی جلد متوقع ہیں۔ وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ اور سیکرٹری تعلیم سکولز سردار سہیل اعظم کی قیادت میں محکمہ تعلیم ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔
اس سلسلے میں 25 نومبر 2026ء کو سیکرٹری تعلیم سردار سہیل اعظم کی زیرِ صدارت ٹائم سکیل کمیٹی کا ایک اہم اور طویل اجلاس نظامتِ اعلیٰ مردانہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن مظفرآباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں خواتین و مردانہ کیڈر کے زیرِ التوا ٹائم سکیل کیسز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مجموعی طور پر 118 معلمین و معلمات کو اگلے گریڈز میں ترقیابی دینے کی منظوری دی گئی۔
ترقیابی کی تفصیل کچھ یوں ہے۔نسواں کیڈر کے کل 68 معلمات،گریڈ 16 سے 17 میں 03 معلمات،گریڈ 17 سے 18 میں 41 معلمات،گریڈ 18 سے 19 میں 24 معلمات جبکہ مردانہ کیڈر کل 50 مدرسین گریڈ 17 سے 18 میں 35 مدرسین ،گریڈ 18 سے 19 میں 15 مدرسین شامل ہیں ۔
مجموعی طور پر 118 اساتذہ کو گریڈ 17، 18 اور 19 میں ترقیابی ملی، جو اساتذہ کے دیرینہ مطالبے کے حل کی جانب ایک تاریخی پیشرفت ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گیلانی حکومت کاایکسپریس وے،سکالرشپ،لیپ ٹاپ ، قرضہ جات سمیت اہم منصوبوں کا اعلان
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری انتظامیہ مصباح اعوان، ڈپٹی سیکرٹری (اول) پروفیسر شکیل احمد، ڈپٹی سیکرٹری (دوئم) چوہدری رفیق احمد، نائب ناظم اعلیٰ مردانہ ندیم خان، نائب ناظم اعلیٰ نسواں رضوانہ قریشی نے شرکت کی۔
سیکشن آفیسر عبدالقیوم خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سردار منیر احمد خان، جاوید اعوان، اسد احسان، راجہ صداقت سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اساتذہ برادری نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ میرٹ پر مبنی فیصلوں سے اساتذہ کا اعتماد بحال ہوا ہے اور ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔
حکومت آزاد کشمیر نے محکمہ تعلیم میں اصلاحات، شفاف انتظامی امور اور اساتذہ کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔




