اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج رات آسمان پر سال کا دوسرا ’سپر مون‘ دیکھا جا سکے گا، جو اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ فلک کو روشن کرے گا۔
فلکیاتی ماہرین اور عالمی ویب سائٹ ’ٹائم اینڈ ڈیٹ‘ کے مطابق نومبر کے اس مکمل چاند کو روایتی طور پر ’بیور مون‘ (Beaver Moon) بھی کہا جاتا ہے۔
تاہم زمین سے غیر معمولی قربت کے باعث اسے ’سپر مون‘ قرار دیا گیا ہے۔ گرین وچ معیاری وقت کے مطابق چاند دوپہر 2 بج کر 53 منٹ پر مکمل ہوگا
مزید یہ بھی پڑھیں:چکار کے4 بڑے منصوبے 100 روزہ پلان میں شامل کرنے کامطالبہ زورپکڑ گیا
پاکستانی معیاری وقت کے مطابق آج رات 7 بج کر 53 منٹ بنتا ہے۔اس موقع پر چاند مشہور ستاروں کے جھرمٹ ’سیون سسٹرز‘ (Pleiades) کے قریب سے گزرے گا۔
جس سے آسمان پر ایک انتہائی دلکش منظر تخلیق ہوگا۔پاکستان میں شائقینِ فلکیات کو اس نظارے کیلئے رات 7 بج کر 53 منٹ کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں۔
غروبِ آفتاب کے فوری بعد مشرقی افق پر چاند طلوع ہوتے ہی سپر مون کے دلکش مناظر کا نظارہ دیکھا جاسکے گا۔
کراچی میں چاند شام تقریباً 5 بج کر 18 منٹ پر طلوع ہوگا، جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں طلوعِ قمر کے اوقات میں معمولی فرق ہو سکتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی سے مزید نرمی نہیں برتی جائیگی، اب کارروائی ہوگی، طلال چوہدری
ماہرین کے مطابق چاند جب افق کے قریب ہوتا ہے تو بصری تاثر (مون الیوژن) کی وجہ سے غیر معمولی طور پر بڑا محسوس ہوتا ہے۔
اس خوبصورت مظہرِ فطرت کو دیکھنے کیلئے کسی دوربین یا خاص آلات کی ضرورت نہیں۔
تاہم بہتر نظارے کیلئے ایسی کھلی جگہ کا انتخاب موزوں رہے گا جہاں مشرقی افق واضح ہو اور شہر کی تیز مصنوعی روشنیوں سے دوری ہو۔




