نئی دہلی ( کشمیر ڈیجٹیل )خوبصورت اور صاف جلد کی خواہش ایک کم عمر لڑکی کو اسپتال پہنچا گئی، سوشل میڈیا پر اشتہار دیکھ کر خریدی گئی فیئرنس کریم مبینہ طور پر زندگی کے لیے خطرہ بن گئی۔
بھارت میں 17 سالہ لڑکی کے گردوں کو شدید نقصان پہنچنے کے بعد کریم بنانے والی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، لیبارٹری رپورٹ میں ایسی زہریلی دھات کی موجودگی کا انکشاف ہوا جس کی مقدار مقررہ حد سے ہزاروں گنا زیادہ تھی۔
بھارتی ریاست کیرالہ میں یہ تشویش ناک واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک 17 سالہ لڑکی رنگ گورا کرنے والی کریم کے استعمال کے بعد گردوں کے سنگین مرض میں مبتلا ہوگئی۔
پولیس نے واقعے کے بعد کریم تیار کرنے والے برانڈ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :صبح کے وقت زیادہ دیر سونا صحت میں گراوٹ کی علامت:ماہرین
متاثرہ لڑکی نے سوشل میڈیا پر اشتہار دیکھنے کے بعد چہرے کے دانوں اور جلد پر موجود دھبوں سے نجات کے لیے یہ کریم خریدی تھی۔ تاہم اس کے استعمال کے بعد صحت کی صورتحال بگڑ گئی۔
لڑکی کی شناخت نجی زندگی کے تحفظ کے لیے ظاہر نہیں کی گئی
۔اسٹر ایم آئی ایم ایس مدر ہاسپٹل کے مطابق کریم کے لیبارٹری ٹیسٹ میں پارے (مرکری) کی مقدار 12 ہزار 500 پارٹس پر ملین پائی گئی، جبکہ جلد گوری کرنے والی مصنوعات میں اس کی قابل اجازت حد ایک پی پی ایم سے بھی کم ہے۔
معالجین کے مطابق پارے کی اس قدر زیادہ مقدار کے باعث لڑکی کے گردوں کی خون صاف کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی اور وہ ایک سنگین بیماری میں مبتلا ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں :جتنا زیادہ سوئیں گے، خطرہ اتنا ہی بڑھے گا؟ دل کے مریضوں کیلئے اہم تحقیق سامنے آگئی
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بعض غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ بیوٹی کریمز میں پارہ اور سیسہ جیسی زہریلی دھاتیں شامل ہوسکتی ہیں، جو گردوں اور دیگر اعضا کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے ذریعے فروخت ہونے والی غیر معیاری مصنوعات اکثر حکومتی نگرانی سے بچ نکلتی ہیں۔ واقعے نے خوبصورتی کے نام پر فروخت ہونے والی مصنوعات کی حفاظت اور ان کی جانچ پڑتال پر نئے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔



