امن برقرار رکھنا ریاست کی ذمہ داری، فسادی جتھے کیخلاف ایکشن ناگزیر قرار

جہلم ویلی ( عمر بھٹی راجپوت ) آزاد کشمیر میں کالعدم  ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں نے کہا ہے کہ عوامی حقوق کے حصول کے لیے شروع ہونے والی تحریک وقت گزرنے کے ساتھ اپنے ابتدائی مقاصد سے آگے بڑھ چکی ہے، جس کے ممکنہ نتائج کے بارے میں روز اول سےخدشات ظاہر کئے جا رہے تھے۔

شہریوںنے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم ایکشن  کمیٹی کی جانب سے اب تعلیمی اداروں اور معصوم بچوں کے مستقبل کو نشانہ بنایا جا رہا  ہے، جو انتہائی تشویش ناک ہے۔ بھارت کے اشارے پر چلنے والوں کو کوئی نقصان نہیں ہوگا، سارا نقصان کشمیری نوجوانوں اور کشمیر کی قوم کا ہوگا۔ عوام مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کالعدم ایکشن کمیٹی کو کب ختم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی بچوں کامستقبل تباہ کرنے پر آ گئی، فتنے کو جڑ سےختم کیا جائے، شہری

  شہریوں کا کہنا ہے کہ عوامی حقوق کے نام پر ایسی سرگرمیوں کی حمایت نہیں کی جا سکتی جن سے عام شہریوں کی زندگی متاثر ہو اور تعلیم، صحت، روزگار سمیت بنیادی سہولیات تک رسائی میں رکاوٹیں پیدا ہوں۔

 ان  کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کے باعث سکول جانے والے بچوں، علاج کیلئے ہسپتالوں کا رخ کرنے والے مریضوں اور روزگار سے وابستہ افراد کو ریاست بھر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھانے کا حق حاصل ہے  تاہم اس حق کے استعمال کے دوران دوسروں کی تعلیم، صحت، کاروبار اور معمولاتِ زندگی متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔

مقامی شہریوںنے ریاستی قوانین اور اداروں کے احترام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی احتجاجی تحریک کو قانونی حدود کے اندر رہ کر اپنے مطالبات پیش کرنے چاہئیں۔

ان کے مطابق ریاستی اداروں کی عملداری کو چیلنج کرنے یا عوامی زندگی میں خلل ڈالنے والے اقدامات کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کے پرامن احتجاج کی قلعی کھل گئی،شرپسندوں کیخلاف کارروائی ناگزیر ہے، طارق فاروق

انہوں نے کالعدم ایکشن کمیٹی کے ان مبینہ بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور فسادی عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا، شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا اور عوام کو درپیش مشکلات دور کرنا ریاستی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔