آزاد کشمیر میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کے اعلان پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے ماضی میں احتجاجی سرگرمیوں اور مختلف اقدامات کے بعد اب تعلیمی اداروں کو احتجاجی حکمت عملی کا حصہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کے پرامن احتجاج کی قلعی کھل گئی،شرپسندوں کیخلاف کارروائی ناگزیر ہے، طارق فاروق
شہریوں کے مطابق تعلیمی ادارے کسی بھی معاشرے کے مستقبل کی بنیاد ہوتے ہیں اور ان کی بندش سے سب سے زیادہ نقصان عام خاندانوں ، طلبہ اور بالخصوص ان نوجوانوں کو پہنچتا ہے جو پہلے ہی تعلیمی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بھارت کے اشاروں پر چلنے والے عناصر کو اس صورتحال سے کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، بلکہ اس کے اثرات کشمیری نوجوانوں، طلبہ اور پوری قوم کو بھگتنا پڑیں گے۔
شہریوںکے بقول کسی بھی تحریک یا احتجاج کا مقصد عوامی مسائل کا حل ہونا چاہیے، نہ کہ نئی نسل کے تعلیمی مستقبل کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کرنا۔
شہریوں نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش روکنے اور معمول کی تعلیمی سرگرمیاں بحال رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:پنجیڑا بازار میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد کی نقل و حرکت، ڈرون فوٹیج منظر عام پر آگئی
انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کالعدم قرار دی گئی عوامی ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں کے حوالے سے حکومت کی آئندہ حکمت عملی کیا ہے اور اس تنظیم کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کب عملی اقدامات کیے جائیں گے۔؟
شہریوں کا کہنا ہے کہ بچوں کی تعلیم اور مستقبل کو کسی بھی احتجاجی سرگرمی سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔




