پلندری (کشمیر دیجیٹل) آزاد کشمیر کے ضلع سدھنوتی کی تحصیل پلندری کے علاقے جھنڈا بگلہ بازار میں کالعدم ایکشن کمیتی کے جتھے کے مسلح افراد کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔
ڈی آئی جی پولیس پونچھ ریجن راولاکوٹ کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ روز 21 نومبر کو جھنڈا بگلہ بازار میں کالعدم ایکشن کمیتی کے فسادی جتھے کے کارکن احتجاجی کال کے حق میں اعلانات اور ہوائی فائرنگ کر رہے تھے جبکہ مبینہ طور پر دکانیں زبردستی بند کروانے اور مقامی افراد کوآج 22 نومبر کے احتجاج میں شرکت پر اُکسانے کی کوشش بھی کی جا رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:ڈڈیال: سرگرم خواتین کا بھی عوامی ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نفری موقع پر پہنچی تو مسلح کارکنوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل ذاکر دائیں ٹانگ جبکہ کانسٹیبل محمد ارباب بائیں ٹانگ پر گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی پونچھ ریجن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے، ہوائی فائرنگ اور زبردستی کاروبار بند کروانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پونچھ میں سڑکیں، سکول بند،کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا احتساب ضروری
بیان کے مطابق واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لاتے ہوئے بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




