وزیراعظم گیلانی کاسی ایم ایچ فلائی اوور کا دورہ،45 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت

مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل) وزیر اعظم افتخار گیلانی کاسی ایم ایچ فلائی اوور کادورہ، 6 سال سے زیر التوا منصوبہ تکمیل کے قریب پہنچ گیا۔

دارلحکومت  کے عین وسط میں واقع سی ایم ایچ چوک فلائی اوور کا تعمیراتی کام گزشتہ چھ سال سے رکا ہوا  تھا جسکی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

اس دوران آزاد کشمیر میں چار حکومتیں تبدیل ہوئیں، لیکن شہریوں کو ٹریفک کے شدید مسائل سے نجات دلانے والا یہ اہم منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نوازشریف کی آزادکشمیر میں حکومتی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت،کابینہ میں توسیع کا فیصلہ

وزیراعظم افتخار گیلانی نے منصب سنبھالتے ہی منصوبے کی تاخیر کا سخت نوٹس لیا اور متعلقہ محکمہ کو ہر صورت 45 روز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم خود بھی باقاعدگی سے منصوبے کی پیش رفت مانیٹر کرتے رہے جس کی وجہ سے چھ سال سے تعطل کا شکار منصوبہ اب تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے۔

آج وزیراعظم افتخار گیلانی نے ایک مرتبہ پھر منصوبے کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر محکمانہ حکام اور ٹھیکیدار نے انہیں پیش رفت اور باقی ماندہ کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:لیپہ ویلی،ماہرتعلیم قمرالحق قریشی ملازمت سے سبکدوش،خراج تحسین پیش

وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ آئندہ ہفتے تک اس منصوبے کا کام مکمل ہو جائے گا۔ فلائی اوور کی تکمیل سے مظفرآباد میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، شہریوں کے سفری مسائل کم کرنے اور روزمرہ آمدورفت کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے اس دیرینہ عوامی منصوبے کی تکمیل کے لیے ذاتی دلچسپی، مسلسل نگرانی اور مؤثر اقدامات کو شہریوں کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔

وزیراعظم افتخار گیلانی کی حکومت کا ترقیاتی وژن جس کے تحت سو روزہ پلان کا آغاز ہونے جارہا ہے میں ترقیاتی منصوبوں کے اہداف، ٹائم لائن اور معیار اور رفتار برقرار رکھنے کیلئے خصوصی میکنزم مرتب کیا گیا ہے۔

وزیراعظم افتخار گیلانی کا وژن ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور جدید سہولیات سے آراستہ آزاد کشمیر کی تعمیر ہے۔ سی ایم ایچ چوک فلائی اوور کی تکمیل کے لیے ان کی ذاتی دلچسپی اور مسلسل نگرانی اسی وژن کی عملی عکاسی ہے۔