نوازشریف،مریم کا دورہ مظفرآباد کامیاب، 14ارب70کروڑ کے ترقیاتی فنڈز مختص

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل، عبدالصبور اعوان سے) قائد ن لیگ نوازشریف، وزیراعظم  شہباز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا دورہ آزاد کشمیر خطے کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک اہم پیشرفت قراردیدیا۔

دورے کے دوران آزاد کشمیر کیلئے 100 روزہ ترقیاتی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے 14 ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی پارلیمانی پارٹی اجلاس، آزادحکومت کوٹف ٹائم دینے کافیصلہ

مجوزہ منصوبوں کا مقصد آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنا، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

100 روزہ ترقیاتی پلان میں غریب اور بے گھر خاندانوں کیلئے ’’اپنا گھر، اپنی چھت‘‘ اسکیم، سیاحت کے فروغ، نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور صحت، تعلیم سمیت بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔

منصوبے کے تحت بے گھر اور مستحق خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے جبکہ سیاحتی مقامات تک رسائی آسان بنانے کیلئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

اس کے علاوہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے، فنی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے اقدامات بھی ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہوں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پلاٹ کی غیرقانونی منتقلی،میونسپل کارپوریشن میرپورکا انکوائری کاحکم

پلان میں تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور رابطہ سڑکوں کی بہتری کے منصوبے بھی شامل ہیں، تاکہ عوام کو صحت، تعلیم اور آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے مطابق پارٹی ماضی میں بھی آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے متعدد منصوبے مکمل کروا چکی ہے جبکہ نئے ترقیاتی پروگرام کے ذریعے عوامی مسائل کے حل اور خطے کی خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب عوامی حلقوں نے میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ آزاد کشمیر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مختص فنڈز کے مؤثر اور شفاف استعمال سے خطے میں ترقیاتی عمل تیز ہوگا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور عام آدمی کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی۔