راولاکوٹ/تولی پیر:ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق نے عیدالفطر کے تیسرے روز سیاحوں کی سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے سیاحتی مقام تولی پیر کا دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر سردار محمد مشتاق خان ، ٹورازم آفیسر سیاحت وقاص مظفر اور پولیس کے آفیسران بھی ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے سیاحتی مقام تولی پیر پرسیاحوں سے ملاقاتیں کیں اور موقع پر سیاحوں کی آسانی کے لیے کیے گئے اقدامات پارکنگ اور سیکورٹی کا بھی جائزہ لیا ۔
ڈپٹی کمشنر نے عید کے موقع پر بڑی تعداد میں تولی پیر کا دورہ کرنے والوں سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایات دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سیاحوں سے سڑک پر کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے پارکنگ فیس لینے کے بارے میں شکایات موصول ہونے پر ڈپٹی کمشنر پونچھ نے انتظامی اور پولیس آفیسران کو موقع پر جا کر سیاحوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے سیاحوں سے لیے جانے والی فیس کو بھی واپس کروایا گیا تھا ۔
پرائیویٹ پارٹی جس نے پارکنگ کا ٹھیکہ حاصل کر رکھا تھا کو پابند کیا کہ وہ سڑک پر کھڑی گاڑیوں سے پارکنگ فیس وصول نہیں کریں گے بعد ازاں چیئرمین ضلع کونسل کو پرائیویٹ پارکنگ کا ٹھیکہ منسوخ کرنے بارے بھی تحریک کر دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: تولی پیر آنے والے سیاحوں سے جگا ٹیکس وصول، انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی