وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کیلئے سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ اتفاق رائے پیدا ہونے کے بعد ملکی سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہو سکتا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام سے کسی کی سیاست کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کیلئے ایک خوش آئند پیش رفت ثابت ہوگی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کل کے مخالف آج دوست بن گئے،وزیر دفاع خواجہ آصف
انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بات چیت کیلئے اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے کبھی کوئی ہدایت نہیں دی گئی۔ انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ نئے انتظامی یونٹس یا صوبے بنانے کیلئے کیا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔
وزیر دفاع نے بانی پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت نہیں کرنی چاہیے۔ اگر وہ اس معاملے پر رضامند ہو جاتے ہیں تو ان کیلئے بھی سیاسی مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
خواجہ آصف کے مطابق اس معاملے پر ہونے والی ملاقاتوں میں مثبت پیشرفت سامنے آ رہی ہے۔ سیاست ممکنات کا نام ہے اور تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اُمید ہے کہ بات چیت کے نتیجے میں کوئی قابل قبول حل نکل آئے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں: نئے صوبے، پیپلزپارٹی کی دورخی پالیسی کے پیچھے کچھ اور دیکھتا ہوں، خواجہ آصف
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں تمام خدشات اتفاق رائے میں تبدیل ہونے کی اُمید ہے جبکہ نئے سال میں ملک میں ایک نیا نظام بھی متعارف ہو سکتا ہے۔۔




