دبئی: دبئی حکومت کی جانب سے محنت کشوں کے اعزاز میں ایک منفرد عید ملن تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں مزدوروں کو گاڑیاں، سونے کی اینٹیں اور ائیر ٹکٹس بطور عیدی دیے گئے۔
یہ دو روزہ تقریب دبئی کے علاقے العویر میں منعقد ہوئی جس میں دبئی امیگریشن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور محنت کشوں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹیں۔
عید ملن کے دوران ثقافتی پروگرام، موسیقی اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں 20 ہزار سے زائد افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر مزدوروں کو قیمتی تحائف دیے گئے جس سے ان کی خوشی دوبالا ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: کھلی مشینری اور پنکھے سے حادثات کا خدشہ، محکمہ سول ڈیفنس کی عوام کو وارننگ
دبئی امیگریشن (جی ڈی آر ایف اے) کے میجر جنرل عبید مہیر بن سرور اور کرنل عمر مطر المزینہ نے تقریب میں محنت کشوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں دبئی کی ترقی کا اہم ستون قرار دیا اور ان کی انتھک محنت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔