بھارت کی جنگی تیاریاں، پراکسی وارفیئر، پاکستان کوچوکنا رہنا ہوگا، سردار مسعود

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کی بڑھتی ہوئی عسکری تیاریوں اور پراکسی وارفیئرکے خلاف ہمہ وقت چوکس رہنا ہوگا۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جدید ہتھیاروں کے نظام کا حصول لازمی طور پر فوجی برتری کا باعث نہیں بن سکتا جس کا ثبوت پاکستان کی جانب سے مضبوط حکمت عملی، حربی مہارت اور قومی عزم کے ذریعے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے کی صلاحیت ہے۔

بھارت کی جانب سے مبینہ طور پر تقریبا 22ارب ڈالر مالیت کے دفاعی سازوسامان کی خریداری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی کی جانب سے چین کیساتھ توازن برقرار رکھنے کیلئے فوجی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کا جواز اس کے عسکری رویے کے تناظر میں بھی دیکھا جانا چاہیے۔

سابق صدر وسابق سفارتکار سردار مسعود خان نے خبردار کیا کہ بھارت کی طرف سے ہتھیاروں کی ڈور پاکستان کیلئے براہ راست سیکیورٹی چیلنج بن سکتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت آزادکشمیر کا فنی وتکنیکی تربیت، روزگار کیلئے پنجاب سے مددلینے کا فیصلہ

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو نہ صرف روایتی فوجی خطرات بلکہ خفیہ کارروائیوں، انٹیلی جنس سرگرمیوں اور سرحد پار دہشت گردی کیلئے بھی تیار رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اسٹریٹجک تیاری، قومی اتحاد اور انسدادِ دہشت گردی کے موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس کے تصادم کے دوران بھی بھارت کے پاس خاطر خواہ روایتی فوجی صلاحیتیں اور جدید پلیٹ فارمز موجود تھے تاہم پاکستان نے اسکے اقدامات کا کامیابی سے مقابلہ کیاا

پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ کسی فوج کی افادیت کا تعین محض اس کے پاس موجود ہتھیاروں کی تعداد یا جدت سے نہیں بلکہ قومی عزم، اسٹریٹجک وضاحت، عملی دانشمندی اور آپریشنل منصوبہ بندی بھی اتنی ہی فیصلہ کن ہوتی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آبادہائیکورٹ:بلدیاتی الیکشن کا نوٹیفکیشن معطل ،حکم امتناعی جاری

سردارمسعود خان نے بھارت کے بھاری دفاعی اخراجات کے پیچھے کارفرما ترجیحات پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ شدید غربت اور سماجی و اقتصادی چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود بھارت دنیا میں سب سے زیادہ فوجی اخراجات کرنے والے پانچ بڑے ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان کے خلاف ہتھیاروں کے حصول پر بے پناہ وسائل مختص کرنے سے نہ تو بھارت کے داخلی مسائل حل ہوں گے اور نہ ہی کسی مستقبل کے تصادم میں کامیابی کی ضمانت ملے گی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو بھارت کی فوجی خریداریوں سے مرعوب نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ ملک اپنی روایتی اور اسٹریٹجک دونوں صلاحیتوں کو مسلسل مستحکم کر رہا ہے۔