مظفرآباد: دارالحکومت مظفرآباد کا سی ایم ایچ فلائی اوور منصوبہ گزشتہ 6سال سے زیرتعمیر ہےتاہم اب منصوبے پر کام تقریباً مکمل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
بدھ کے روزکشمیر ڈیجیٹل کے نمائندہ ناہید عباسی نے موقع پرجاکر منصوبے کا جائزہ لینے کے ساتھ ٹھیکیدار راجہ تجمل خان سے منصوبے میں تاخیر اور موجودہ صورتحال پر موقف لینے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم افتخار گیلانی کا سی ایم ایچ فلائی اور منصوبہ 45دن میں مکمل کرنے کا حکم
نمائندہ کشمیر ڈیجیٹل کے مطابق اس دوران ٹھیکیدار کے ساتھ موجود ایک شخص نے انٹرویو دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ انٹرویو نہیں دیتے۔
جب انکار کی وجہ دریافت کی گئی تو مبینہ طور پر یہ کہا گیا کہ اگر کوئی خرچہ یا پیسے لینے ہیں تو بتائیں جس طرح پہلے دیگر لوگ پیسے لیتے رہے ہیں، اسی طرح آپ بھی لے لیں، انٹرویو کو چھوڑیں۔
نمائندہ کشمیر ڈیجیٹل نے جب واضح کیا کہ انہیں کسی قسم کے پیسوں کی ضرورت نہیں اور نہ ہی وہ اس مقصد کے لیے وہاں موجود ہیں بلکہ وہ صرف عوامی مفاد میں منصوبے کی تاخیر اور تکمیل سے متعلق ٹھیکیدار کا موقف جاننا چاہتے ہیں۔
بعدازاں ٹھیکیدار راجہ تجمل خان نے 2روز بعد اپنے گھر آنے کی دعوت دیتے ہوئے چائے اور خرچے کی بات کی، جس پر نمائندہ کشمیر ڈیجیٹل نے خرچے کی نوعیت دریافت کی۔
ٹھیکیدار کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں، ہم بھائی ہیں، فی الحال میرے مالی حالات خراب ہیں اور منصوبے کا کام مکمل کر دیا گیا ہے لیکن انہیں ابھی تک بلوں کی ادائیگی نہیں ہوئی، 2روز بعد ملاقات کی جائے۔
ٹھیکیدار کی خرچہ پانی کی بات کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے، کیا سی ایم ایچ فلائی اوور منصوبے کے حوالے سے ماضی میں بھی آواز بلند کرنے والے افراد کو اسی طرح مالی پیشکشیں کی جاتی رہی ہیں؟
یہ بھی پڑھیں:ریاستی تشخص ،عوامی خدمت،ترقیاتی منصوبے اولین ترجیح ، وزیراعظم گیلانی
کیا منصوبے کے معاملات پر سوال اٹھانے والوں کو خاموش کرانے کے لیے ایسے طریقے اختیار کیے جاتے رہے ہیں؟ اور کیا سرکاری منصوبوں کے حوالے سے صحافیوں کو آزادانہ طور پر سوالات کرنے اور مؤقف لینے میں رکاوٹیں پیش آنا معمول بنتا جا رہا ہے؟
یہ معاملہ کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، جن کے جوابات متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار کی جانب سے سامنے آنا ضروری ہیں۔




