کالعدم ایکشن کمیٹی کی مجرمانہ کارروائیاں بے نقاب، راولاکوٹ میں 3 گرینیڈز اور دھماکہ خیز مواد برآمد

راولاکوٹ میں نیو بس ٹرمینل کے قریب سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن کے دوران 3 عدد ساختہ ہینڈ گرینیڈز اور نامعلوم قسم کا دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ برآمدگی نیو بس ٹرمینل کے قریب واقع ایک خالی مکان سے تلاشی کے عمل کے دوران ہوئی، جس کے بعد کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح عناصر کا علاقے کا امن برباد کرنے کا منصوبہ سامنے آیا ہے۔

واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے متعلقہ جگہ کو گھیرے میں لے کر عام رفت و آمد کے لیے سیل کر دیا تاکہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور ان مجرمانہ سرگرمیوں کا راستہ روکا جا سکے۔

کالعدم ایکشن کمیٹی کی دہشت گردانہ سوچ اور فورسز کا بر وقت ایکشن:

7 نومبر کو صبح 11:00 بجے جاری سرچ آپریشن کے دوران جب خالی مکان سے یہ 3 عدد ہینڈ گرینیڈز اور دھماکہ خیز مواد ملا تو فوراً بم ڈسپوزل (DML/BDS) ٹیم کو اطلاع دی گئی۔ کالعدم ایکشن کمیٹی کے یہ مسلح اور شرپسند عناصر خطے میں خوف و ہراس پھیلانے اور فورسز و شہریوں کو نشانہ بنانے کی طاق میں رہتے ہیں۔

بم ڈسپوزل سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر برآمد شدہ ہینڈ گرینیڈز اور دھماکہ خیز مواد کی محفوظ طریقے سے تلفی اور ناکارہ بنانے کے لیے نشان زدگی کر لی ہے، تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے اور تباہی سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کے کردار پر سوالات، بھارتی نیوز چینل پر لائیو پروپیگنڈابےنقاب

علاقے میں سیکیورٹی سخت اور مجرمانہ عناصر کا گھیراؤ:

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پورے علاقے میں چیکنگ کا نظام مزید سخت کر دیا ہے اور کالعدم ایکشن کمیٹی سے منسلک ممکنہ سائٹس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حکام کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کالعدم ایکشن کمیٹی جیسے شرپسند گروپوں کی کسی بھی مشکوک شے یا غير قانونی سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کو اطلاع دیں تاکہ راولاکوٹ کے عوام پرسکون زندگی بسر کر سکیں۔