کالعدم ایکشن کمیٹی کے کردار پر سوالات، بھارتی نیوز چینل پر لائیو پروپیگنڈابےنقاب

آزاد جموں و کشمیر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے کردار اور ان کی حالیہ سرگرمیوں پر شدید سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ آیا یہ عناصر آزاد کشمیر کی عوام کے ہمدرد ہیں یا پھر بھارت کے ایجنڈے کو پورا کرنے کے لیے پلانٹ کیے گئے ایجنٹس ہیں۔ عوامی اور سیاسی حلقوں میں اس امر پر شدید تشویش ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان عناصر کی تمام تر کارروائیوں کا مقصد صرف اور صرف آزاد کشمیر کے امن کو تباہ کرنا ہے۔

حالیہ سامنے آنے والے واقعات کے مطابق سردار امان کا قریبی ساتھی عقیل بھارتی نیوز چینل پر لائیو آ کر ریاست اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ اس عمل کو بھارت سے اپنی وفاداریاں ثابت کرنے اور پاکستان و آزاد کشمیر مخالف دشمنانہ بیانیے کی تسہیل کی ایک ناپاک کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارتی ایجنڈے کی تکمیل اور مقبوضہ کشمیر پر اثرات:

مقامی اور تجزیاتی حلقوں نے اس بات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ صرف آزاد کشمیر کا پرامن ماحول برباد کرنا چاہتے ہیں۔ ان کی اس قسم کی کارروائیوں اور بیانات کی بنیادی وجہ دشمن ملک بھارت کو آزاد کشمیر پر بیانیاتی حملہ کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے، تاکہ بھارت کو ہم پر بھونکنے کا اور مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر مزید ظلم و ستم کرنے کا جواز فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کے خلاف ریاستی کارروائی کی اپیل، سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے اور ہراسانی کا الزام

سرحد پار موجود دشمن عناصر کے ٹی وی چینلز کا استعمال کر کے ریاست اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ان عناصر کے مقاصد خطے کے عوام کی بہتری کے بجائے بھارت کے مذموم ایجنڈے کو تقویت دینا ہے۔

عوامی تحفظات اور ریاستی ردعمل پر زور:

آزاد جموں و کشمیر کی عوام نے اس نوعیت کے پروپیگنڈے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد اور شہدا کی قربانیوں کو کسی صورت ایسے مشکوک اور بھارتی ایجنڈے کے پابند عناصر کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا۔

عوامی حلقوں کا ماننا ہے کہ ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وہ ان عناصر کی سرگرمیوں کا فوری نوٹس لیں اور خطے کے پرامن ماحول اور ریاستی تشخص کو نقصان پہنچانے والوں کو عوام کے سامنے مکمل طور پر بے نقاب کریں۔