واٹس ایپ میں فیس بک کے مقبول فیچر کور فوٹو کا اضافہ، سیٹنگزری ڈیزائن

میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے، جس کے تحت فیس بک کے ایک انتہائی مقبول فیچر کو اب واٹس ایپ کا بھی حصہ بنایا جا رہا ہے۔

واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں ایپ کے سیٹنگز پیج کو مکمل طور پر ری ڈیزائن کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ایک نیا کور فوٹو لے آؤٹ بھی اس کا اہم حصہ بنایا جارہا ہے۔ ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfoکی رپورٹ کے مطابق میٹا کی زیر ملکیت اس میسجنگ ایپ میں یہ نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے اب عام صارفین بھی اپنے ذاتی اکاؤنٹس میں کور فوٹو کا اضافہ کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہر خطرے سے محفوظ ہے؟ حقیقت جانیے

کاروباری اکاؤنٹس سے نکل کر ذاتی اکاؤنٹس تک رسائی

فیس بک کے کور فوٹو جیسا یہ دلکش فیچر اب تک واٹس ایپ میں صرف بزنس (Business) اکاؤنٹس تک ہی محدود تھا، لیکن اب اسے عام صارفین کے لیے بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ اس نئے فیچر کے تحت صارفین کے پاس مکمل پرائیویسی اختیار ہوگا کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق پرائیویسی سیٹنگز سے یہ طے کر سکیں گے کہ ان کی کور فوٹو کون کون دیکھ سکتا ہے اور کون نہیں۔

واضح رہے کہ یہ نئی کور فوٹو آپ کی موجودہ پروفائل تصویر (Profile Picture) کی جگہ ہرگز نہیں لے گی، بلکہ صارفین اپنی پروفائل پکچر اور کور فوٹو دونوں کو بیک وقت ڈسپلے کر سکیں گے۔ رپورٹ کے مطابق نئے ری ڈیزائن شدہ سیٹنگز پیج میں پروفائل فوٹو کے اوپر سینٹر میں کور فوٹو دی جائے گی، جس سے اکاؤنٹ کا سیکشن پہلے کی نسبت زیادہ صاف، خوبصورت اور جدید نظر آئے گا۔

مزید پڑھیں:جدید طبی ٹیکنالوجی کی بڑی پیشرفت: سرجن نے دوسرے مقام سے روبوٹ کے ذریعے مریض کا آپریشن کر دیا

چونکہ یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں ہی پیش کیا گیا ہے، اس لیے تاحال یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ تمام عام صارفین کے لیے یہ اپ ڈیٹ باضابطہ طور پر کب تک دستیاب ہوگی۔