مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزادجموں و کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ سروس ڈیلیوری کو مؤثر بنانے، فیلڈ سٹاف کی کارکردگی بہتر کرنے اور عوامی شکایات کے ازالے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں اصلاحات کی ضرورت ہےتجاویز دیں،تمام حکومتی سروسز کو بہت جلد ون ونڈو آپریشن کے تحت آن لائن کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر آنے والے شہریوں کو عزت، احترام اور سہولت فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیاجائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک۔اقوام متحدہ کانفرنس کا دوسرا روز:پیشگی انتباہ کیلئے خلائی ٹیکنالوجی کے استعمال پر غور
وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جائے ۔پبلک سروس کمیشن کو مزید موثر اور فعال بنانے کیلئے سفارشات مرتب کر کے پیش کی جائیں ۔
سرکاری امور میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے تاکہ شفافیت اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے سیکرٹریز حکومت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری ،آئی جی پولیس، پرنسپل سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈآف ریونیو سمیت جملہ محکمہ جات کے سیکرٹریز شریک تھے ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم افتخار گیلانی نے سو روزہ پلان کی تیاری میں سیکرٹری صاحبان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کا حل، اداروں پر اعتماد کی بحالی، میرٹ کا تحفظ اور بہتر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانا ہے ۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام محکموں میں بھرتیوں کا عمل تھرڈ پارٹی کے ذریعے شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گیا اور اس مقصد کیلئے معزز عدالت سے فیصلہ آنے تک تمام محکمے اپنے سروس رولز کو مکمل اور مرتب کر لیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈڈیال: مزدوری مانگنے پر تشدد، نوجوان مزدور جاں بحق، پولیس کارروائی سے گریزاں
انہوں نے کہا کہ تھانہ کلچر میں بہتری لا کر شہریوں کی عزتِ نفس کا ہر صورت تحفظ کیا جائے۔ میرٹ کا فروغ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں شمولیت، معیاری تعلیم اور قرآن کریم کی تعلیمات کی روشنی میں طلبہ کی کردار سازی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں ٹیوٹا سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے کیونکہ یہ شعبہ معاشی ترقی، روزگار کی فراہمی اور مقامی آبادی کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔




