وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری حج اسکیم کے عازمین کو متنبہ کیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک دوسری قسط ادا نہ کرنے کی صورت میں ان کی حج درخواست منسوخ کر دی جائے گی۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمینِ حج سے واجبات کی دوسری قسط کی وصولی کا سلسلہ ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے کامیابی سے جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق اب تک 51 ہزار 500 عازمینِ حج اپنی دوسری قسط کی رقم ادا کر چکے ہیں۔
وصولی کے اعداد و شمار اور ادائیگی کے ذرائع:
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کا بتانا ہے کہ حج واجبات کی دوسری قسط کی مد میں اب تک مجموعی طور پر 32 ارب 60 کروڑ روپے موصول ہو چکے ہیں۔ عازمینِ حج کو آسان ادائیگی کے لیے مختلف آن لائن اور بینکنگ ذرائع فراہم کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانیوں کے لیے سود سے پاک ‘حج سیونگ پلان’ متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل
ادائیگیاں کرنے والے عازمین کے اعداد و شمار کے مطابق 26 ہزار عازمین نے ون لنک کے ذریعے رقم منتقل کی، جبکہ 2 ہزار 126 عازمین نے اپنے بینک کارڈ کا استعمال کر کے واجبات ادا کیے ہیں۔ اس کے علاوہ 23 ہزار 200 عازمین نے بینک چالان کے ذریعے براہِ راست نقد رقم جمع کرائی ہے۔
عازمین کے لیے اہم ہدایت:
وزارتِ مذہبی امور نے تمام عازمینِ حج پر زور دیا ہے کہ وہ درخواست کی منسوخی سے بچنے کے لیے 20 اکتوبر کی مقررہ آخری تاریخ سے قبل اپنی دوسری قسط کے تمام واجبات کی ادائیگی کو لازمی یقینی بنائیں۔




