آزاد کشمیر میں جاری پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ٹیلنٹ ہنٹ اسکول کرکٹ پروگرام کا پہلا مرحلہ کامران طریقے سے مکمل ہو گیا ہے۔ مظفرآباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں الائیڈ اسکول کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گورنمنٹ علی اکبر اعوان ہائی اسکول کی ٹیم کو 10 وکٹوں کے واضح فرق سے شکست دے کر مظفرآباد ڈویژن کی سطح پر چیمپئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
فائنل میچ کی تفصیلا ت اور الائیڈ اسکول کا شاندار ہدف:
مظفرآباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ اسکول کرکٹ کے فائنل مقابلے میں الائیڈ اسکول کی ٹیم نے صرف 7.5 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 94 رنز کا ہدف باآسانی پورا کر لیا۔ اس فتح کے ساتھ الائیڈ اسکول نے گورنمنٹ علی اکبر اعوان ہائی اسکول کو ہرا کر مظفرآباد ڈویژن کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
الائیڈ اسکول کے کپتان فریان حیدر نے دھواں دھار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6.2 اوورز میں 31 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ جبران راجہ اور عبد الوہاب نے 84 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو شاندار فتح سے ہمکنار کیا۔
ٹورنامنٹ کے نمایاں کھلاڑی اور انفرادی اعزازات:
ٹورنامنٹ میں انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے جبران راجہ نے 4 مقابلوں میں مجموعی طور پر 295 رنز بنائے، جبکہ الائیڈ اسکول کے کپتان فریان حیدر نے پورے ٹورنامنٹ میں 21 وکٹیں حاصل کر کے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی (مین آف دی ٹورنامنٹ) کا اعزاز حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کرپشن : لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایک شخص کی تقرری پر قومی خزانے سے کروڑوں روپے لوٹ لیے
دوسری جانب گورنمنٹ علی اکبر اعوان ہائی اسکول کے کھلاڑی نیاز احمد نے ایک ہی میچ میں 138 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹورنامنٹ کی پہلی سینچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
اختتامی تقریب، انعامات کی تقسیم اور اگلا مرحلہ:
فائنل میچ کے اختتام پر منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر کرکٹ ایسوسی ایشن آزاد کشمیر ریجن و ممبر پی سی بی تنویر مغل اور ڈائریکٹر اسپورٹس بورڈ افتخار صدیق تھے۔ انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات جبکہ ونر اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں تقسیم کیں۔
پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ اسکول پروگرام کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی چیمپئن ٹیم الائیڈ اسکول کا مقابلہ 26 اکتوبر کو میرپور ڈویژن کی چیمپئن ٹیم کے ساتھ مظفرآباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اس کے بعد آزاد کشمیر کی سطح پر چیمپئن بننے والی ٹیم پاکستان میں ریجنز کی سطح پر منعقد ہونے والے قومی مقابلوں میں آزاد کشمیر کی نمائندگی کرے گی۔




