مظفرآباد: آزادکشمیر حکومت نے سوشل ویلفیئر آفیسر (بی 17)سعید اسد کومتنازعہ کتب کی تحریر پر ریٹائر کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
محکمہ زکوۃ عشر،سماجی بہبود وترقی نسواں کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ریاستی وملکی مفاد کے معائز سرگرمیوں میں ملوث رہنے اور متنازعہ منافرت پھیلانے والی کتب کی تحریر واشاعت کے الزامات پر مارچ2023میں کمیٹی قائم کی گئی تھی۔
تحقیقات کمیٹی نے آفسیر سوشل ویلفیئر سعید اسد پر لگے گئے الزامات کو درست قرار دیتے ہوئے انہیں ملازمت کیلئے نااہل قرار دیا،سیکرٹری سماجی بہبود نے معاملہ وزیر سماجی بہبود کو پیش کیا۔
وزیر سماجی بہبود سردار محمد حسین نے اپنے ریمارکس میں لکھا کہ افسر مذکور قصور وار پایا ہے تاہم انسانی بنیادوں کے پیش نظر اور اسکی ریٹائر منٹ کی درخواست بھی موصول ہوچکی تو اسے ریٹائر کئے جانے کی منظوری دی جاتی ہے۔
وزیرسماجی بہبود نے سعید اسد کو پنشن مراعات کیساتھ ریٹائر کئے جانے کی منظوری دی ، سعید اسد کو 20مارچ 2025سے ریٹائر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سعید اسد کئی کتابوں کے مصنف ہیں جن میں کشمیری شخصیات سے متعلق معلومات شامل ہیں جبکہ انکی کچھ کتابوں پر حکومت کی طرف سے پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔