موبائل فوڈ لیب کی پہلے ماہ میں شاندارکارکردگی،19کمپنیوں پر پابندی عائد،16 لاکھ کاناقص سامان تلف

مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے ماہ رمضان کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے، ناقص سامان فروخت کرنیوالی19کمپنیوں پر پابندی عائد کردی گئی۔

ترجمان کے مطابق آزاد کشمیر میں یکم رمضان المبارک سے فوڈ اتھارٹی نے مختلف فوڈ پر یمسز کی اپنی موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب و دیگر لیبارٹریز کے ذریعہ ٹیسٹنگ عمل میں لائی ۔

تجزیاتی رپورٹس کی بنیاد پر مختلف فوڈ بزنس آپریٹرز پر مجموعی طور پر 13لاکھ 37ہزار800روپے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ16 لاکھ 8ہزار کا غیر معیاری سامان تلف کیا گیا۔

غیر معیاری اور مضر صحت اشیا جن میں دودھ ، پانی، گھی، آئل ، مصالحہ جات، مشروبات و فرائنگ آئل وغیرہ کو تلف کیا گیا ،19کمپنیوں پر آزادکشمیر میں پابندی عائد کی گئی۔

ترجمان کے مطابق موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کیلئے حکومت نے فنڈز مہیا کئے وہیں عدالت العظمی نے بلا تخصیص و بلا رعایت کار روائیاں کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔

فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے اس امر کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی غیر معیاری اشیائے خوردونوش کا کاروبار کرنے والے مینو فیکچررز اور فوڈ بزنس آپریٹرز (FBOS) کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جاتی رہیں گی اور اس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔

Scroll to Top