سحرش قمر کو یوتھ ایکسیلنس ایوارڈ مل گیا، سیاسی وسماجی حلقوں کی مبارکباد

میرپور (کشمیر ڈیجیٹل) ممبر قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر و مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما سحرش قمر کو پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت یوتھ ایکسیلنس ایوارڈ 2026 مل گیا ۔ 

 سحرش قمر کو ایوارڈ ملنے پر آزادکشمیر وپاکستان کی سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔اور امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نوجوانوں کی ترقی کیلئے وقف کریں گی اور نوجوانوں کیلئے مثالی کردار ادا کریں گی۔ 

دوسری جانب ممبر قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر سحرش قمر کا ایوارڈ ملنے پر  میرےلئے یہ ایوارڈ محض ایک اعزاز نہیں بلکہ نوجوانوں کی خدمت کے عزم کی تجدید ہے۔

 میں اللہ تعالیٰ کی بے پایاں رحمتوں اور فضل و کرم پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں کہ مجھے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی جانب سے یوتھ ایکسیلنس ایوارڈ 2026 سے نوازا گیا۔

 یہ اعزاز میرے لئے باعثِ فخر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ میرے نزدیک یہ ایوارڈ محض ایک ٹرافی نہیں بلکہ میری محنت، مستقل مزاجی، لگن اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا اعتراف ہے۔

میں یہ اعزاز اپنے والدین، اساتذہ، رہنماؤں اور ان تمام افراد کے نام کرتی ہوں جنہوں نے ہر قدم پر میری حوصلہ افزائی کی، میرا ساتھ دیا اور مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ بخشا۔

 بالخصوص میں پاکستان کے ان باہمت نوجوانوں کو یہ اعزاز منسوب کرتی ہوں جو مشکلات کے باوجود اپنے خوابوں کی تکمیل کیلئے جدوجہد جاری رکھتے ہیں ۔۔

کبھی ہمت نہیں ہارتے یہ ایوارڈ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے ان بہادر نوجوانوں کے نام بھی کرتی ہوں جن کے دلوں میں آزادی کی تڑپ، آنکھوں میں روشن مستقبل کے خواب اور عزم میں استقامت موجود ہے۔ 

میں سمجھتی ہوں کہ نوجوان کسی بھی قوم کا حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کومثبت سمت دینا ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ حوصلہ، محنت، دیانت داری اور مستقل مزاجی کے ساتھ کوئی بھی منزل ناممکن نہیں رہتی۔

 یہ کامیابی میرے لئے اختتام نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ ان شاء اللہ، میں پاکستان، بالخصوص آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کی ترقی، تعلیم، صلاحیتوں کے فروغ اور بہتر مستقبل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھوں گی۔

میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ وہ مجھے اس اعزاز کے تقاضے پورے کرنے، عوامی خدمت کے جذبے کو برقرار رکھنے اور نوجوان نسل کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی جانب سے سحرش قمر کو یوتھ ایکسیلنس ایوارڈ 2026 ملنے پر مختلف سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ 

شخصیات نے ان کی کامیابی کو نوجوانوں، بالخصوص آزاد جموں و کشمیر کی نوجوان نسل کیلئے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کی محنت، صلاحیتوں اور آگے بڑھنے کے جذبے کا اعتراف ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سحرش قمر مستقبل میں بھی نوجوانوں کی فلاح و بہبود، تعلیم، ترقی اور مثبت سماجی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کرتی رہیں گی۔

 ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی کامیابیاں نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے معاشرے کیلئے باعثِ فخر ہوتی ہیں۔