عوام کا تحفظ اولین ذمہ داری،شہرمیں کیمروں کی تنصیب ہوچکی،جرائم کا خاتمہ کرینگے،کمشنر پونچھ

راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سردار ظہیر احمد نے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے ،اہلیان پونچھ کیلئے مختلف سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل کیلئے بھی ہمہ وقت کوششیں جاری ہیں ۔

امن وامان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے حوالے سے مختلف محکمہ جات ، ڈویژنل کو آرڈینیشن میٹنگز کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں ڈویژن بھر کےجملہ معاملات کو دیکھتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی مرتکب کر لی گئی ہے۔

ترقیاتی فنڈز کی بروقت واگزاری، معینہ مدت میں پراجیکٹس کی تکمیل،مختلف محکمہ جات کا باہمی لیزان،ڈسٹرکٹ جیل کو نو تعمیر شدہ عمارت کیلئے فنڈز کی واگزاری،سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت کیمروں کی تنصیب ،چک ہسپتال پراجیکٹ کی فاسٹ ٹریک کے تحت تکمیل، واٹر سپلائی کے معاملات کی یکسوئی کیلئے انتہائی اہم مراحل طے کر لئے ہیں جبکہ دیگر مانندہ معاملات کو بھی جلد حل کر لیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے دورہ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں 25 کے قریب کیمرہ جات کی تنصیب کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے جس کے ذریعے شہر کی حفاظت اور موثر نگرانی میں کافی مدد ملے گی اور جرائم پیشہ سرگرمیوں کا بھی کافی حد تک تدارک ممکن ہو گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں ۔کمشنر پونچھ کا چوکی آفیسر ڈھلکوٹ کی جائے شہادت کا معائنہ،آفیسران نے بریفنگ دی

ڈھلکوٹ چوکی پولیس کو تھانہ کا درجہ بھی دے دیا گیا ہے جس کے بعد جملہ مسائل کے حل میں بھی مدد ملے گی۔آزاد کشمیر کے انٹری پوائنٹ پر سدھنوتی پولیس نے بروقت کارروائی میں جس ملزم کو گرفتار کیا وہ ایک بڑی کامیابی ہے۔

ہم نے مل کر ایسے جرائم اور ملزمان کا خاتمہ کرنا ہے تاکہ ہمارے آزاد کشمیر کی پرامن فضا اور ماحول ہمیشہ ایسا ہی برقرار رہے۔ سجاد ریشم شہید کے قتل میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صحافت اور انتظامی امور ایک دوسرے کے ساتھ باہم مربوط ہیں جو مختلف اوقات میں مختلف مسائل کی نشاندہی کرتے ہیں اور انکے حل میں ہمارے دست و بازو کا بھی کردار ادا کرتے ہیں۔

 یہ خبربھی پڑھیں ۔کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمن تبدیل ، پونچھ ڈویژن تعینات

معاشرہ کی بہترین تشکیل کیلئے اس میں رہنے والوں کی ذمہ دارانہ رائے انتہائی اہمیت کی حامل ہو تی ہے۔ آزادی اظہار رائے بھی کسی قانونی و اخلاقی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کیا جائے گا تو معاشرہ نہ صرف ترقی کرے گا بلکہ مختلف سوچ رکھنے والوں کیلئے بھی ایک دوسرے کو تسلیم کرنا اور قبول کرنا آسان ہوگا۔

آنے والا سیزن سیاحتی اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ہر سال کی طرح امسال بھی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد آزاد کشمیر بھر کا وزٹ کرنے آرہی ہے جس کیلئے ہمیں ہر طرح سے تیاری مکمل رکھنی ہے تاکہ ہمارے اندرونی معاملات اور مسائل کاتاثر ہمارے مہمانوں پر منفی اثرات مرتب نہ کرے۔

اس موقع پر انہوں نے غازی ملت پریس کلب کے مسائل کو حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرواتے ہوئے اس عز م کا اظہار کیا کہ ہم سب نے مل کر ایک ایسے معاشرہ کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنا ہے جو سب کیلئے محفوظ اور امن کا ایک گہوارہ ثابت ہو۔

Scroll to Top