محمد رضوان 19 اکتوبر سے سوئی ناردرن گیس کی قیادت کریں گے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 19 اکتوبر سے پریزیڈنٹ ٹرافی کے چار روزہ مقابلے میں سوئی ناردرن گیس کی قیادت کریں گے۔ ان کی ٹیم کا مقابلہ خان ریسرچ لیبارٹریز سے ہوگا جو راولپنڈی کے شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔

محمد رضوان کو قیادت کی ذمہ داری مل گئی
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سوئی ناردرن گیس کے ڈائریکٹر کرکٹ اور ہیڈ کوچ محمد حفیظ نے رضوان کی قیادت کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شیرون نیازی کی جانب سے باضابطہ ای میل موصول ہوچکی ہے۔

انگلینڈ میں شکست کے بعد پاکستان واپسی
34 سالہ محمد رضوان ان 7 کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں اگست 2026 میں انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں دوسرا ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد پاکستان واپس بلایا گیا تھا۔ اس مقابلے میں پاکستانی ٹیم کو 194 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

وکٹ کیپر کے خلاف انکوائری جاری
رپورٹ کے مطابق پاکستان واپسی کے بعد محمد رضوان کو این سی سی آئی اے میں طلب کیا گیا، جہاں ان کے معاملے کی انکوائری جاری ہے۔ تاہم ان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کو کرکٹ سرگرمیوں کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پی سی بی سے معاملات بہتر بنانے کی کوشش
ذرائع کے مطابق محمد رضوان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملات کو بہتر بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹر بھی کسی نئی محاذ آرائی کے بجائے اپنی توجہ کھیل پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ اسی مقصد کے تحت انہوں نے بورڈ سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت طلب کی تھی۔

 پریزیڈنٹ ٹرافی میں اہم امتحان
محمد رضوان پاکستان کی جانب سے 47 ٹیسٹ، 103 ون ڈے اور 106 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ اب سوئی ناردرن گیس کی قیادت کرتے ہوئے ان کی کارکردگی پر نگاہیں ہوں گی۔ خان ریسرچ لیبارٹریز کے خلاف یہ مقابلہ ان کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا اہم موقع ہوگا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:محمد رضوان کو پریزیڈنٹ ٹرافی نہ کھیلنے دینے کی وجہ سامنے آگئی