بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پانچواں اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بارش کی وجہ سے مکمل نہ ہوسکا، جس کے بعد پانچ میچوں کی سیریز دونوں ٹیموں کے درمیان 2-2 سے برابر رہی۔ فیصلہ کن مقابلے میں شائقین کو دلچسپ کرکٹ دیکھنے کی امید تھی، تاہم خراب موسم نے میچ کا نتیجہ نکلنے نہیں دیا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹاس جیت کر فیلڈنگ
بنگلورو میں ہونے والے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کے کپتان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بارش کے باعث میچ کو مختصر کرتے ہوئے ہر ٹیم کے لیے نو اوورز مقرر کئے گئے، لیکن بھارتی اننگز بھی مقررہ اوورز مکمل ہونے سے پہلے ختم ہوگئی۔
بھارت کے 118 رنز، 5 کھلاڑی آؤٹ
بھارتی ٹیم نے 7.4 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔ مختصر فارمیٹ کے اس مقابلے میں بھارتی بیٹرز نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا مجموعہ کھڑا کیا، لیکن مسلسل بارش کے باعث ویسٹ انڈیز کو ہدف کے تعاقب کا موقع نہ مل سکا۔
ایشان کشن کی جارحانہ بیٹنگ
بھارت کی جانب سے ایشان کشن نمایاں رہے، جنہوں نے صرف 10 گیندوں پر 30 رنز اسکور کئے۔ ان کی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ سنجو سیمسن نے 7 گیندوں پر 16جبکہ کپتان شریاس آئر نے 14 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔
نامن دھیر کے تیز رفتار رنز
نامن دھیر نے 6 گیندوں پر ناقابلِ شکست 24 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں ایک چوکا اور تین چھکے شامل تھے۔ تلک ورما 7 اور ابھیشیک شرما 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کےبولرز کی کارکردگی
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمار اسپرنگر اور کیمو پال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شمار جوزف نے ایک بھارتی بیٹر کو آؤٹ کیا۔
سیریز میں دونوں ٹیموں کی دو، دو فتوحات
بھارت نے پہلا میچ آٹھ وکٹوں اور تیسرا مقابلہ 14 رنز سے جیتا۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز نے دوسرے میچ میں چھ وکٹوں اور چوتھے مقابلے میں 24 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کردی تھی۔
بھونیشور کمار کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی
فیصلہ کن میچ میں بھارتی فاسٹ بولر بھونیشور کمار کی تقریباً چار سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوئی۔ انہیں ارشدیپ سنگھ کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ تاہم بارش کے باعث آخری مقابلہ بے نتیجہ رہا اور سیریز کسی ایک ٹیم کے نام نہ ہوسکی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹیم منیجمنٹ بابراعظم کو فارمیٹ سے باہر کرنے پرغور کررہی ہے،شعیب اختر




