ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل/عمر بھٹی راجپوت) چکوٹھی میں پاک فوج اور محکمہ صحت کے تعاون سے رورل ہیلتھ سینٹر میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
مشترکہ میڈیکل کیمپ میں سینکڑوں مریضوں کا طبی معائنہ کرنے کے ساتھ انہیں مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:چیئرپرسن جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ ضمانت پر رہا
تفصیلات کے مطابق چکوٹھی، کھلانہ ویلی اور گردونواح کے عوام کو ان کی دہلیز پرطبی سہولیات فراہمی کیلئے منعقدہ کیمپ میں پاک فوج اور محکمہ صحت کے ماہر ڈاکٹرز، طبی ٹیموں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے خدمات انجام دیں۔
کیمپ کے دوران مختلف امراض میں مبتلا بچوں، خواتین اور مردوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر چکوٹھی سیکٹر کے کمانڈنگ آفیسر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جہلم ویلی ڈاکٹر طاہر رحیم نے بھی کیمپ کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عوام کو معیاری آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے،وزیراعظم گیلانی کی ہدایت
علاقہ مکینوں نے پاک فوج اور محکمہ صحت کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول سے ملحقہ اور دور دراز علاقوں میں مفت طبی سہولیات کی فراہمی عوام کیلئے بڑی سہولت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں پاک فوج نے چکوٹھی، کھلانہ ویلی اور گردونواح کے عوام کا ساتھ دیا ہے، جس پر وہ پاک فوج اور محکمہ صحت کے شکر گزار ہیں۔
عمائدین علاقہ نے میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے قابلِ ستائش اقدام قرار دیتے ہوئے مقامی فوجی یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
اس موقع پر پاک فوج کے کمانڈنگ آفیسر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ عوام کی خدمت بھی پاک فوج اپنا قومی فریضہ سمجھتی ہے۔
دور دراز اور لائن آف کنٹرول پر آباد عوام کو ان کی دہلیز پر مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کا مقصد ان کے مسائل میں کمی لانا اور انہیں بہترعلاج معالجے کی سہولت مہیا کرنا ہے۔




