دھیرکوٹ میں 14سالہ طالبہ سے زیادتی،2ملزمان گرفتار، سنسنی خیز انکشافات

 آزاد کشمیر کی تحصیل دھیرکوٹ میں کمسن طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جس کے بعد علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

 تھانہ ساہلیاں کی حدود میں 8ویں جماعت کی 14 سالہ طالبہ سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے الزام میں 70 سالہ اور 20 سالہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ؛ نابالغ بچی کیساتھ زیادتی کیس، 15 ملزمان کو 188 سال قید

ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے میں جنسی زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔

 پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے، جس کے بعد واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ایف آئی آرکے مطابق طالبہ کو اس کا کزن بہلا پھسلا کر ساتھ لے گیا اور زیادتی کا نشانہ بناکر ویرانے میں چھوڑ دیا ، بچی وہاں سے نکلی تو ایک بزرگ سے مددطلب کی تو اس شخص نے بھی ہوس کا نشانہ بنادیا ۔

دوسرے روز جب بچی سکول پہنچی تو اساتذہ کو شک ہوا انہوں نے بچی کے والدین کو بلایا جس پر دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔

باغ سے تعلق رکھنے والے صحافی راجہ خالد کے مطابق 70سالہ ملزم نے بچی کیساتھ زیادتی کا اعتراف کیا ہے۔ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران اس پہلو کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا اس سنگین جرم میں گرفتار ملزمان کے علاوہ مزید افراد بھی ملوث ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: باغ میں یتیم لڑکی کیساتھ اجتماعی زیادتی، حقیقی بہنوئی سمیت 3ملزمان گرفتار

 واقعے نے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ متاثرہ بچی کو انصاف فراہم کیا جائے اور جرم میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

پولیس کی تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمے میں نامزد ملزمان کے خلاف الزامات کا حتمی تعین عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔