اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنےکیلئے کام کر رہی ہے جبکہ لائیوسٹاک، زراعت، سیاحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں کو فروغ دے کر نوجوانوں کیلئےروزگار کے نئے امکانات پیدا کئے جائیں گے۔
اسلام آباد میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے کامیاب افراد کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا تاکہ وہ ان تجربات کی روشنی میں اپنے مستقبل کی بہتر منصوبہ بندی کر سکیں اور خود روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیرِاعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد: مظفرآباد میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام تیز
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے تجربات سے بھی استفادہ کیا جائے گا تاکہ تعلیم اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے معیاری تعلیم اور فنی تربیت کے فروغ میں وفاقی وزارتِ پیشہ ورانہ تربیت کے تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں روزگار کے قابل بنانے کیلئے متعلقہ شعبوں میں تعاون اور رہنمائی ضروری ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے: افتخار گیلانی
وزیراعظم افتخار گیلانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لائیوسٹاک، زراعت، سیاحت اور فنی مہارتوں کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے اور باعزت روزگار حاصل کرنے کے بہتر مواقع فراہم کرنے پر توجہ دی جائے گی۔




