حکومتِ آزاد کشمیر نے ‘قومی تقریبات کمیٹی’ کی تشکیلِ نو کر دی: ثاقب مجید راجہ چیئرمین مقرر

حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے ریاست میں قومی اور ریاستی سطح کی تقریبات کو باوقار، بامقصد بنانے اور ان میں عوامی شرکت کو یقینی بنانے کیلیے ‘قومی تقریبات کمیٹی’ کی تشکیلِ نو کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (شعبہِ منزل) سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر نے 2026ء اور ماقبل کے لیے اس 13 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل کی منظور دی ہے، جو تمام تقریبات کے سلسلے میں مشاورتی عمل مکمل کر کے انہیں مؤثر بنائے گی۔

کمیٹی کی قیادت اور اراکین کی تفصیلات:

محکمہ سروسز کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی و آبی وسائل (ثاقب مجید راجہ) کو قومی تقریبات کمیٹی کا چیئرمین نامزد کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے اراکین میں وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (سردار عمیر نعیم)، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، سیکرٹری جنگلات، سیکرٹری فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ، سیکرٹری کشمیر کاز، آرٹس اینڈ لینگویجز، تمام ڈویژنز کے کمشنر صاحبان اور تمام ڈویژنز کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان (ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل) کمیٹی کے ممبر و سیکرٹری کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حرم شریف میں موسلادھار بارش : زائرین نے بھیگتے ہوئے روح پرور ماحول میں طوافِ کعبہ کیا

ضلعی سطح پر کمیٹیاں اور قانون سازوں سے مشاورت:

نوٹیفکیشن کے احکامات کے مطابق ضلعی سطح پر متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ تمام سرکاری محکمہ جات کے ضلعی سربراہان اس کے اراکین ہوں گے۔ مزید برآں، ضلعی سطح کی تقریبات کی تیاری اور انعقاد کے دوران متعلقہ ضلع سے ممبرانِ قانون ساز اسمبلی کی مشاورت اور راہنمائی کو یقینی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

میڈیا کوریج، فلوکل پرسن اور اجلاس کی شرائط:

کشمیر کے حوالے سے تمام تقریبات، کانفرنسز، سیمینارز، میٹنگز اور وفود و حریت کانفرنس یا دیگر اداروں سے رابطے، اجلاسوں اور کانفرنسوں کی روداد کی تیاری کیلیے ڈائریکٹر جموں و کشمیر لبریشن سیل ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ جملہ تقریبات کی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر بھرپور کوریج کو یقینی بنایا جائے گا۔ چیئرمین کی اجازت سے کسی بھی اجلاس میں سیکرٹری حکومت کو خصوصی طور پر شامل کیا جا سکے گا، تاہم تمام اجلاسوں میں صرف باضابطہ اراکین ہی شرکت کر سکیں گے اور کسی نمائندے کی شرکت قابلِ قبول نہیں ہو گی۔