پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان تین ملکی ون ڈے سیریز کے لیے ٹیموں کی آمد، ٹرافی کی رونمائی اور ٹریننگ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ سیریز سے قبل تینوں ٹیموں کی تیاریوں اور اہم سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔
شیڈول کے مطابق انگلینڈ کا 16 کھلاڑیوں سمیت 33 رکنی وفد جمعہ کی صبح اسلام آباد پہنچے گا، جہاں ٹیم تین ملکی سیریز میں شرکت کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 رینکنگ، معاذ صداقت اور سلمان مرزا کی بڑی چھلانگ
دوسری جانب سری لنکا کے ون ڈے اسکواڈ کے منتخب ارکان گزشتہ روز اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جبکہ قومی ون ڈے اسکواڈ کے اہم کھلاڑی بھی ٹیم کو جوائن کرنے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستانی ون ڈے اسکواڈ میں شامل شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم اور سلمان آغا نے ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔
اس کے علاوہ غازی غوری، سعد بیگ، حارث رؤف اور فہیم اشرف بھی قومی ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بننے کے لیے ٹیم کو جوائن کریں گے۔
تین ملکی سیریز سے قبل پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آج 15 اور کل 16 اکتوبر کو راولپنڈی میں پریکٹس کریں گی، جہاں کھلاڑی میچز کی تیاری کے لیے تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گے، دونوں ٹیموں کی پریکٹس سیریز سے قبل تیاریوں کے سلسلے میں اہم ہوگی۔
شیڈول کے مطابق تین ملکی ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی 17 اکتوبر کو ہوگی۔ اس تقریب میں پاکستان کے شاہین آفریدی، انگلینڈ کے ہیری بروک اور سری لنکا کے کوشل مینڈس شرکت کریں گے اور ٹرافی کی رونمائی کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:فخر زمان کا ٹی 20 انٹرنیشنل میں نیا ریکارڈ، 100 چھکے مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے
پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی شرکت سے ہونے والی یہ سیریز کرکٹ شائقین کے لیے اہم مقابلوں کا موقع فراہم کرے گی، ٹیموں کی آمد، پریکٹس سیشنز اور ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ سیریز کی سرگرمیاں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔
سیریز کے لیے تینوں ٹیموں کی تیاریوں اور اہم سرگرمیوں کا شیڈول جاری ہونے کے بعد شائقین کی نظریں اب میدان میں ہونے والے مقابلوں پر مرکوز ہیں۔
سات میچوں پر مشتمل ون ڈے ٹرائی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوگا، سیریز سے قبل پاکستان نے سری لنکا کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں 1-2 سے شکست دی ہے۔




