ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں موسم نے بدلی کروٹ، بادلوں نے زمین کو چھوا اور شہر کی فضاؤں میں سردی کی پہلی بارش نے ایک نئے حسن کے رنگ بکھیر دیئے۔
شہر کے اوپر ایستادہ پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی تو یوں محسوس ہوا جیسے قدرت نے اپنے ہاتھوں سے وادی مظفرآباد کی پیشانی پر حسن کا تاج سجا دیا ہو۔
بارش کی بوندوں میں دھلا شہر، دھند کی اوٹ میں چھپتے پہاڑ اور سفیدی میں لپٹی بلندیاں،ہر منظر آنکھوں کو خیرہ اور دل کو مسحور کر رہا ہے۔ یہ مظفرآباد ہے، جہاں موسم صرف بدلتے نہیں، قدرت کے حسن کی نئی داستان رقم کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وادیِ نیلم: موسلادھار بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی لہر تیز
دوسری طرف وادی نیلم میں شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے باعث بالائی وادی کی مین شاہراہ پر پانی جمع ہونے سے پیدل چلنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔
کیل اور گریس ویلی کے بالائی علاقوں میں برف باری شروع ہونے سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سےویلی میں خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مغربی ہوائیں اثر انداز،کشمیر ،گلگت بلتستان، اسلام آباد میں بارش کا امکان
بارش کے دوران ندی نالوں، دریائے نیلم اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے مقامات سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
ادھر گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی ہے جبکہ بابو سرٹاپ سمیت کئی مقامات پر سڑکیں بند ہو گئی ہیں، اسلام آباد راولپنڈی میں جم کر بادل برسے جس سے جڑواں شہروں میں بھی سردی نے دستک دیدی ہے۔
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے آزادکشمیر سمیت بالائی علاقوں میں مزید بارشوں اور برفباری کی بھی پیشگوئی کی ہے۔




