مظفرآباد میں پہلی رمضان المبارک کو ایک منفرد مارکیٹ کا آغاذ کیا گیا ہے، جو مکمل طور پر خواتین کے لیے مخصوص ہے۔ “سسٹر سینٹر” کے نام سے قائم یہ مارکیٹ ایک یتیم بہن بھائی نے اپنی مدد آپ کے تحت شروع کی جس کا مقصد خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کرنا اور انہیں معاشی طور پر خود مختار بنانا ہے۔
مارکیٹ میں تمام دکاندار خواتین ہی ہیں جو مختلف اقسام کے کاروبار چلا رہی ہیں۔ یہاں ملبوسات، زیورات، کاسمیٹکس، جوتے اور دیگر ضروری اشیاء کے اسٹالز موجود ہیں۔ مارکیٹ میں آنے والی خواتین کے لیے مکمل سہولت فراہم کی گئی ہے جبکہ جو خواتین اپنے شوہر یا خاندان کے کسی فرد کے ساتھ آتی ہیں ان کے لیے بھی الگ اسٹاف موجود ہے جو انہیں بہترین طریقے سے ڈیل کرتا ہے۔
یہاں کام کرنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ مہنگائی کا رونا رونے کے بجائے خواتین کو چاہیے کہ وہ خود روزگار کے مواقع تلاش کریں اور اپنے پیروں پر کھڑی ہوں۔ مارکیٹ میں زیادہ تر خواتین ہی کاروبار کر رہی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس محفوظ اور پرسکون ماحول میں کام کرنا نہایت آسان اور حوصلہ افزا ہے۔
خریدار خواتین نے بھی اس منفرد اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مارکیٹ کا قیام ایک خوش آئند قدم ہے جہاں وہ بلا خوف و جھجک اپنی خریداری کر سکتی ہیں۔