مظفرآباد میں پتنگ بازی،خریدو فروخت اور تیاری پر پابندی عائد

مظفرآباد:پتنگ بازی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے ساتھ موسم بہار کی شروعات ہوتے ہی مظفرآباد کی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت ضلع بھر میں پتنگ بازی پر 2ماہ کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔

منگل کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مدثر فاروق کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کی دفعہ 144 کے تحت لگائی گئیضلع مظفرآباد کی حدود میں پتنگوں کی خرید و فروخت، ڈور، دھاتی ڈور اور پتنگیں بنانے پر پابندی ہوگی.

یہ بھی پڑھیں:پتنگ بازوں نے آزاد کشمیر کا رخ کرلیا،مصروف بازاروں میں کھلے عام فروخت

نوٹیفکیشن کے مطابق مستقبل میں کسی شخص/افراد کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والا کوئی بھی شخص دفعہ APC-188 کے تحت کارروائی کا سامنا کرے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی شہریوں میں پتنگ بازی کا رجحان بڑھ جاتا ہے۔

پتنگ بازی کی وجہ سے نہ صرف پتنگ بازی کرنے والے خود مختلف حادثات کا شکار ہوتے ہیں بلکہ ان کا یہ عمل عام لوگوں کے لیے شدید مالی اور جسمانی مسائل کا باعث بھی بنتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ خاص طور پر پتنگ بازی میں استعمال ہونے والی ڈور اور دھاتی ڈور دیگر شہریوں خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کیلئے جان و مال کے نقصان کا خطرہ ہے۔

ماضی میں کئی قیمتی انسانی جانیں گلے میں دھاتی تاریں پھنسنے سے ضائع ہو چکی ہیں۔

لہٰذا حفاظتی نقطہ نظر کے پیش نظر ضلع مظفرآباد میں پتنگ بازی، ڈور، دھاتی ڈور، پتنگ کی تیاری اور ان کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنا ناگزیر ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top