میرپور انتظامیہ کا برطانیہ پلٹ خاتون پر حقائق چھپانے اوراداروں کو بدنام کرنے کاالزام

میرپور:کشمیر میرپور ڈویژن آفس کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانیہ پلٹ یاسمین نامی کشمیری خاتون کے الزمات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مکان پولیس نے فوری خالی کروا کرموصوفہ کے حوالے کیا تھا۔

ترجمان نے پریس ریلیز میں کہا کہ موصوفہ نے اپنی پریس کانفرنس میں خلاف حقائق موقف پیش کرتے ہوئے اظہار کیا ہے کہ میرپور شہر میں واقع انکا مکان کرایہ دار سے خالی کروانے میں سرکاری اداروں نے اسکی معاونت نہیں کی۔

خاتون کی شکایت موصول ہونے پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موصوفہ کا مکان کرایہ دار سے خالی کرواتے ہوئے اس کے حوالے کر دیا گیا تھا جس کا انہوں نے ذکر نہیں کیا۔

خاتو ن نے محکمہ برقیات اور محکمہ سوئی ناردرن گیس کے ملازمین کے خلاف جو شکایات پیش کی تھیں اُن پر بروقت کارروائی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک اور کشمیری نژاد برطانوی خاتون قبضہ مافیا کے ظلم کا شکار، عوام ایکشن کمیٹی بھی میدان میں آگئی

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بجلی کنکشن کے سلسلے میں کمشنر میرپور ڈویژن کی جانب سے حقائق اخذ کرنے کیلئے انکوائری قائم ہوچکی ہے ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میرپور کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے جس کا موصوفہ نے اپنی پریس کانفرنس میں دانستہ طور پر ذکر نہیں کیا ہے ۔

اسی طرح موصوفہ کی شکایت پر سوئی ناردرن گیس کے مقامی دفتر کے ملازمین کیخلاف ابتدائی انکوائری مکمل کرنے اور موصوفہ کے بیانات کی روشنی میں کمشنر میرپور ڈویژن کی جانب سے متعلقہ ملازمین کے خلاف کارروائی کے لئے ریفرنس جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس کمپنی کو ارسال ہو چکا ہوا ہے۔

خاتون نے سرکاری اداروں کی طرف سے کی جانے والی کاروائیوں کا سرے سے ذکر نہ کر کے خلاف حقائق بیان دیا ہے جو سرکاری اداروں کو بد نام کرنے کی مذموم کوشش ہے۔

میرپورکے رہائشی پروفیسر عامر اقبال جن پر قبضے کا الزام لگایا گیا آج بروز بدھ دن 12بجے پریس کانفرنس کریں گے اور کرائے کے گھر کے معاملے پر اپنا موقف دیں گے۔

Scroll to Top