مظفر آباد/باغ:عدالت العالیہ نے پیپلزپارٹی کے رہنما سردار قمرالزمان خان کی جانب سے دائرایل اے16 شرقی باغ انتخابات دھاندلی کیس میں الیکشن ٹربیونل کو 60 دن کے اندر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر حکومت ، سینئر سیاستدان سردار قمرالزمان خان نے وزیر حکومت سردار میر اکبر کیخلاف مبینہ دھاندلی کا کیس الیکشن ٹربیونل میں دائر کر رکھا ہے۔
الیکشن ٹربیونل سے فیصلہ نہ ہونے پرسردار قمرالزمان خان نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس پر ہائیکورٹ نے الیکشن ٹربیونل کو 60 دن کے اندر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ہے جس پر اب جلد فیصلہ متوقع ہے۔
یاد رہے کہ 2021کے انتخابات میں سردار قمر الزمان خان اور سردار میر اکبر کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہوا تھا ، کچھ پولنگ سٹیشن پر بوتھ جلائے گئے تھے جس پر دوبارہ پولنگ بھی ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: باغ میں شجرکاری مہم کا آغاز، سرکاری اراضی پر کئے گئے تمام قبضے ختم کرا دیئے، سردار میراکبر
دوبارہ پولنگ پر سرادر قمر الزمان خان سردار میر اکبر سے 296ووٹوں سے ہارے تھے۔
یہ بھی یا درہے کہ سردار میر اکبر تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے جبکہ سردار قمرالزمان نے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔
ہائیکورٹ کے حکم پر دو ماہ میں فیصلہ ہونے اور دھاندلی اگر ثابت ہوگئی تو حلقہ میں دوبارہ الیکشن ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے مطالبات نہ مانے تو کسی صورت الیکشن نہیں ہونے دینگے ، راجہ صہیب ممبر کورکمیٹی عوامی ایکشن کمیٹی کا اعلان
دوبارہ الیکشن کی صورت میں سیاسی مصبرین کے مطابق سابق وزیراعظم تنویر الیاس بھی اسی حلقہ سے الیکشن لڑسکتے ہیں اور ممکنہ طور پر سردار قمرالزمان انکی حمایت کریں گے۔
2021 کے انتخابات میں سردار تنویر الیاس وسطی باغ سے الیکشن جیت کر اسمبلی آئے تھے۔
متنازعہ تقاریر پر ہائیکورٹ نے سردار تنویر الیاس کو نااہل قرار دیا تھا، گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے ان کی نااہلی ختم کردی ہے۔