وہ 5 معروف گاڑیاں جو رواں سال خاموشی سے پاکستان آٹو مارکیٹ سے رخصت ہو گئیں

پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں سال دو ہزار چھبیس کے دوران کئی بڑی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں، جہاں نئی گاڑی خریدنے والے صارفین کے لیے دستیاب آپشنز میں بھی نمایاں تبدیلی واقع ہوئی ہے۔

رواں سال کے دوران کچھ گاڑیوں کی مقامی پیداوار کا سلسلہ مکمل طور پر ختم ہو گیا، کچھ پرانے ماڈلز کی جگہ نئی جنریشنز نے لے لی، جبکہ ایک انتہائی مقبول گاڑی کے دو خاص ویرینٹس بھی مارکیٹ سے باہر ہو گئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان تمام گاڑیوں کو مکمل طور پر بند نہیں کیا گیا بلکہ کہیں صرف موجودہ جنریشن کا اختتام ہوا تو کہیں ایک ہی ماڈل کے مخصوص ویرینٹس کو ختم کیا گیا۔

رواں سال دو ہزار چھبیس میں کن گاڑیوں کی رخصتی ہوئی؟

اس سال جن گاڑیوں کی رخصتی ہوئی ان میں سب سے پہلے کِیا پیکانٹو شامل ہے۔ کِیا پیکانٹو ان گاڑیوں میں شامل ہے جن کی پاکستان میں موجودہ مقامی پروڈکشن کا اختتام ہو چکا ہے، اور چھوٹی گاڑیوں کے شعبے میں اپنی مخصوص جگہ بنانے والی پیکانٹو اب نئی گاڑیوں کی مارکیٹ میں پہلے کی طرح باقاعدہ دستیاب نہیں رہی۔

اس کے علاوہ ہونڈا کی سات نشستوں والی مشہور گاڑی بی آر وی بھی دو ہزار چھبیس میں پاکستانی مارکیٹ سے رخصت ہونے والی نمایاں گاڑیوں میں شامل ہو گئی ہے۔ اس ماڈل کی مقامی پروڈکشن ختم ہونے کے بعد صارفین کے لیے ایک معروف سات سیٹر آپشن کم ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکٹرک اسکوٹرز خریدنےکے لیے آسان اقساط کی نئی پیشکش متعارف

ایم جی اور سوزوکی کلٹس کے ماڈلز میں تبدیلیاں:

ایم جی نے اپنی پہلی جنریشن ایچ ایس کو مارکیٹ سے ہٹا کر اس کی جگہ بالکل نئی جنریشن متعارف کرا دی ہے، اور اس تبدیلی کے بعد پرانا ایچ ایس ماڈل پاکستانی نئی گاڑیوں کی مارکیٹ سے باہر ہو چکا ہے۔ اسی طرح ایم جی زیڈ ایس بھی ان گاڑیوں میں شامل ہے جن کی پہلی جنریشن نے دو ہزار چھبیس میں پاکستانی مارکیٹ میں اپنا سفر مکمل کیا کیونکہ کمپنی نے پرانے ماڈل کی جگہ نئی جنریشن متعارف کروا دی ہے۔

دوسری طرف سوزوکی کلٹس کا معاملہ دیگر گاڑیوں سے کچھ مختلف ہے۔ سوزوکی کلٹس مکمل طور پر بند نہیں ہوئی بلکہ اس کے صرف دو ویرینٹس کو ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ وی ایکس ایل ویرینٹ بدستور کمپنی کے لائن اپ میں موجود رہا ہے۔

گاڑیوں کی مارکیٹ میں تبدیلی کیوں آئی اور صارفین کے لیے کیا ہے؟

گاڑیوں کے ماڈلز اور ویرینٹس میں اس قسم کی تبدیلی کوئی غیر معمولی بات نہیں ہوتی کیونکہ کمپنیاں ہمیشہ نئی ٹیکنالوجی، نئی جنریشن اور صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق اپنے ماڈل لائن اپ کو اپ ڈیٹ کرتی رہتی ہیں۔ دو ہزار چھبیس کے دوران کچھ گاڑیوں کی موجودہ جنریشنز نے مارکیٹ سے رخصت لی جبکہ بعض گاڑیوں کے مخصوص ویرینٹس ختم کر دیے گئے۔

ان تمام تبدیلیوں کا سب سے نمایاں اثر نئی گاڑی خریدنے والے صارفین پر پڑتا ہے کیونکہ مارکیٹ میں دستیاب آپشنز وقت کے ساتھ تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔ تاہم، کسی گاڑی کا موجودہ ماڈل یا ویرینٹ بند ہونے کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہوتا کہ سڑکوں پر موجود ان گاڑیوں کی خرید و فروخت یا استعمال بھی ختم ہو گیا ہے، بلکہ اس کا تعلق بنیادی طور پر نئی گاڑیوں کی مارکیٹ میں کمپنی کے موجودہ لائن اپ سے ہوتا ہے۔