برنالہ (کشمیر ڈیجیٹل)کالعدم عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی جانیوالی ہڑتال کے حوالے سے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر بابر رفیق اور ایس ایچ او تھانہ برنالہ چوہدری وسیم نواز نے انجمن تاجران کوٹ جیمل اور معززین علاقہ کے ساتھ اہم میٹنگ کی۔
انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر بابر رفیق نے کہا کہ ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے لیکن اگر گھر میں کوئی فرد ماں باپ کی بات نہ مانے تو والدین بھی بعض اوقات سختی کرنے پر مجبور ہوتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل برنالہ میں پولیس کی جانب سے اب تک سخت اقدامات نہیں کیے گئے، تاہم پولیس کے پاس قانون کے مطابق کارروائی کے تمام اختیارات موجود ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم افتخارگیلانی کوٹلی پہنچ گئے، شاندار استقبال، پھولوں کی پتیاں نچھاور
ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر نے کہا کہ جن افراد کے خلاف مقدمات درج ہو چکے ہیں، وہ ازخود قانون کے سامنے سرنڈر کریں، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ان کے ساتھ نرمی برتی جائے گی ۔۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس کے پاس متعلقہ افراد کا ریکارڈ موجود ہے اور قانون کے مطابق شناختی دستاویزات، بینک اکاؤنٹس یا دیگر قانونی معاملات میں کارروائی کیلئے متعلقہ اداروں کو تحریک کی جا سکتی ہے۔
اس موقع پر پولیس افسران نے انجمن تاجران اور معززین علاقہ کے ذریعے شہریوں کو پیغام دیا کہ کل کسی بھی قسم کے احتجاج، تصادم یا قانون شکنی سے گریز کیا جائے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا جائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر کونسل اور سیاست کا نیا منظرنامہ




