کشمیری قوم اپنی منزل پاکستان ایک نہ ایک دن حاصل کرکے رہیں گے، سردارعبدالقیوم نیازی

راولپنڈی (کشمیرڈیجیٹل) صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ 23 مارچ پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت حامل کا دن ہے ۔

یہ وہ دن ہے جب قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں منٹو پارک لاہور میں قردار پاکستان منظور کی گئی جس میں کشمیریوں کے نمائندہ وفد نے بھی شرکت کی۔ پاکستان بے شمار قربانیوں سے معرض وجود میں آیا ۔

پاکستان میں آج یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، پاکستان میں نظام عدل کو مکمل بحال کیے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔ سیاسی انتقام و نا انصافی کا خاتمہ ناگزیر ہے ، عمران خان سمیت تمام پی ٹی آئی قائدین جو جعلی کیسز میں پابند سلاسل ہیں انہیں فوری رہا کیا جائے ۔

موجودہ حالات پاکستان میں سیاسی استحکام کے متقاضی ہیں ۔ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے جو حاصل کر کے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک وطن سکولز اینڈ کالج میں یوم پاکستان اور تقسیم انعامات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سینئر رہنما پی ٹی آئی سردار طارق سکندر ، پرنسپل ریٹائرڈ بشیر و دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔

سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی اسکول کے ڈائریکٹر محمد باسط کی کاوشوں کو سراہا اور امید کا اظہار کیا کہ ان کا ادارہ شب و روز ترقی کرے گا اور پاکستان کے مستقبل کے بہترین معمار تیار کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے ، فلسطینوں اور کشمیریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں ظلم و ستم پر مکمل خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

عالمی برادر ہوش کے ناخن لے اور اپنا کردار ادا کر کے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار بند کروائے۔ قبل ازیں تقریب میں پہنچنے پر صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی کا والہانہ استقبال کیا گیا ۔ دوران تقریب بچوں نے ملی نغمے پر پرفارم کیا اور ناظرین کے دل جیت لیے۔

 

Scroll to Top