ٹرمپ

ٹرمپ نے ایران کی 7 روزہ جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے پیش کی گئی سات روزہ جنگ بندی کی تجویز مسترد کردی ہے جبکہ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ نومبر میں ہونیوالے مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران کیخلاف دوبارہ فوجی کارروائی پر غور کر سکتے ہیں۔

ٹرمپ نے جنگ بندی کی تجویز مسترد کردی

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے مشیروں سے کہا ہے کہ نومبر کے مڈٹرم انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ بمباری شروع کئے جانے کا امکان موجود ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کو فی الحال اس بات کا یقین نہیں کہ تہران امریکا کے مطالبات تسلیم کرنے پر آمادہ ہوگا۔ تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں صدر ٹرمپ اپنی موجودہ پوزیشن تبدیل بھی کر سکتے ہیں۔

نومبر کے بعد دوبارہ حملوں کا امکان

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایران کیخلاف ممکنہ امریکی حملوں کی نوعیت اور شدت کے بارے میں فی الحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ امریکی حکام کے مطابق صورتحال میں تبدیلی کیساتھ صدر ٹرمپ کی پالیسی بھی تبدیل ہوسکتی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایران نے جنگ بندی کے بدلے امریکا کے سامنے مختلف تجاویز پیش کی تھیں۔

ایران کا سات روزہ پلان کیا تھا؟

ایرانی تجویز میں امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرنے کے بدلے آبنائے ہرمز کھولنے اور جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی پیشکش شامل تھی۔

اس سے قبل ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا تھا کہ ثالثوں کے ذریعے ہونے والی بات چیت مثبت اور تعمیری رہی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی امریکا کو جنگ کے خاتمے کیلئے سات روزہ منصوبہ پیش کیے جانے کی تصدیق کی تھی۔

عباس عراقچی کی امریکا کو پیشکش

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق عباس عراقچی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ تہران نے امریکا کو جنگ ختم کرنے، آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور ایران کے جوہری پروگرام پر جامع مذاکرات شروع کرنے کیلئے سات روزہ پلان دیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق یہ تجاویز ثالثوں کے ذریعے امریکا تک پہنچائی گئی ہیں۔ ان پر اتفاق ہونے کی صورت میں سات روز کے اندر آبنائے ہرمز کھولنے اور مذاکرات شروع کرنے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

عراقچی کا کہنا تھا کہ ایرانی تجاویز امریکا اور ایران کے درمیان پہلے دستخط کی گئی مفاہمتی یادداشت سے مماثلت رکھتی ہیں اور تہران امریکی رضامندی کی صورت میں ان پر فوری عمل درآمد کیلئے تیار ہے۔

ایرانی صدر کا جنگ اور مذاکرات پر مؤقف

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران مذاکرات کیلئے تیار ہے، تاہم طاقت کے استعمال یا دھمکی کی زبان قبول نہیں کرے گا۔

نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ ایران نے کسی ملک پر حملہ نہیں کیا بلکہ اپنے دفاع میں کارروائیاں کی ہیں۔

ان کے مطابق اگر مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہوسکتے ہیں تو جنگ کی ضرورت نہیں رہتی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:دورہ امریکا،ایرانی صدر کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے امکانات ختم

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت آگے بڑھنے کیلئے تیار ہے اور اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ معاہدہ انتخابات سےپہلے ہوتا ہےیا بعد میں۔

ایرانی صدر نےمزید کہا کہ اب امریکا کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے یا نہیں۔