وزیراعظم

شاہرات کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے: وزیراعظم آزادکشمیر

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں عوامی ضروریات کو اولین ترجیح دی جائے، شاہرات کی بروقت تکمیل اور تعمیراتی کاموں کا معیار ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو جاری منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت کی۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں، شاہرات کی تعمیر و مرمت اور شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کا جائزہ لیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کے “ستھرا کشمیر پروگرام” کے لیے ایک ارب 62 کروڑ کا پی سی ون ارسال

وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، اس لیے منصوبوں کی تکمیل میں غیرضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے گرین الیکٹرک بسوں کے ٹریکس کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید سفری سہولیات کے مؤثر استعمال کیلئے ٹریکس کی حالت بہتر بنائی جائے۔ انہوں نے امبور تا چہلہ سڑک کی بہتری کے لیے بھی ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر پورٹل کے حوالے سے وزیراعظم افتخار گیلانی کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد

اجلاس میں گوجرہ بائی پاس تا شوکت لائن سڑک کو کشادہ کرنے کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سڑک کی کشادگی کا کام جلد شروع کیا جائے تاکہ ٹریفک کے مسائل میں کمی اور شہریوں کو آمدورفت میں آسانی حاصل ہو۔