وادی لیپہ ،یوم پاکستان کی رنگا رنگ تقریب، کھیلوں کے مقابلوں نے سماں باندھ دیا

واد ی لیپہ: وادی لیپہ میں یوم پاکستان پر رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا اور مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی ہوئے جس سے وادی بھر میں سماں بندھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات وادی لیپہ کے سب سے بڑے خراتی باغ گراؤنڈ میں 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی پروقار اور شاندار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں معززینِ علاقہ، سول سوسائٹی، بلدیاتی نمائندگان، وکلا، صحافی برادری اور طلبہ سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور رنگا رنگ پروگراموں سے محظوظ ہوئے۔

فوجی بینڈ نے دلکش دُھنیں بجا کر سماں باندھ دیا جس پر حاضرین نے خوب داد دی، برقی قمقموں نے گراؤنڈ کی خوبصورتی کو مزید چار چاند لگا ئے،سٹیج کوبھی خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا۔

ہر طرف پاکستان اور آزاد کشمیر کے جھنڈے لہرا رہے تھے، جس سے فضا ملی نغموں اور قومی جوش و جذبے سے گونج رہی تھی۔

کرکٹ اور والی بال کے خصوصی میچز بھی منعقد کیے گئے۔ جیتنے والی ٹیموں کو انعامات سے نوازا گیا، جس پر کھلاڑیوں اور شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا۔

یہ بھی پڑھیں:نیلم کے سیاحتی مقام کیرن میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب ،وزراء کی بھی شرکت

مقررین نے پرجوش تقاریر کیں اور یومِ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس دن کی قربانیوں کو یاد کیا۔

پاک فوج کی جانب سے خصوصی میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا، جس میں شرکاء کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔شدید سردی کے باوجود عوام کا جوش و خروش عروج پر تھا۔

ایک بڑے شامیانے میں سجائے گئے پنڈال کا منظر انتہائی دلکش تھا، جہاں ہر طرف حب الوطنی کی فضا قائم تھی۔

شرکاء نے کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے یومِ پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور تقریب کے انعقاد کو سراہا۔

تقریب کا اختتام پاکستان اور آزاد کشمیر کے حق میں فلک شگاف نعروں کے ساتھ ہوا، جس نے اس یادگار تقریب کو مزید تاریخی بنا دیا۔

Scroll to Top