اسلام آباد پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید نیٹ لانچر فراہم

اسلام آباد: امن و امان کی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور ہنگامی حالات میں پولیس کی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس کو جدید نیٹ لانچر فراہم کر دیے گئے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق اس جدید لانچر کے ذریعے نیٹ برق رفتاری سے پھینکا جا سکتا ہے، جو کہ کسی بھی قسم کی مزاحمت کرنے والے افراد کو قابو کرنے اور گرفتاری کی کارروائی میں پولیس اہلکاروں کی بھرپور معاونت کرے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ لانچر کو انتہائی مشکل اور ہنگامی حالات میں استعمال کیا جائے گا۔ یہ جدید آلہ ایسے مواقع پر انتہائی معاون ثابت ہوگا جہاں کسی بھی مزاحمت کرنے والے شخص کو کم سے کم نقصان کے ساتھ فوری طور پر قابو کرنے کی ضرورت پیش آئے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستے کھلے، پولیس کی شہریوں کو افواہوں پر کان نہ دھرنے کی ہدایت

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ اس اقدام سے ملزمان کو قابو کرنے اور انہیں گرفتار کرنے میں نمایاں مدد ملے گی، جبکہ اس سے پولیس کی روزمرہ کارروائیوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی مزید بڑھایا جا رہا ہے۔

وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے اسلام آباد پولیس کو جدید وسائل اور آلات فراہم کرنے کا یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر امن و عامہ کی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹنے اور ہنگامی حالات میں پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے کے لیے یہ جدید نیٹ لانچر مہیا کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق ان جدید وسائل کی فراہمی کا بنیادی مقصد پولیس اہلکاروں کو مشکل ترین حالات میں بھی بہتر اور محفوظ انداز میں اپنی کارروائیاں سر انجام دینے کے لیے ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے۔