پمزہسپتال سانحہ : آزادکشمیر بھر میں فائرسیفٹی انتظامات کی تیاریاں مکمل

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آزاد جموں و کشمیر سعید الرحمان قریشی نے کہا کہ پمز ہسپتال اسلام آباد میں پیش آنیوالے المناک آتشزدگی کے واقعے میں متعدد نومولود بچوں کی جانیں ضائع ہونے پر دلی دکھ ہے۔

سانحہ پمزہسپتال اسلام آباد کے تناظر میں آزاد کشمیر بھر میں اہم سرکاری عمارات کے فائر سیفٹی آڈٹ کا عمل شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کسی بھی ممکنہ سانحے سے پہلے فائر سیفٹی کے انتظامات، ہنگامی انخلاء کے نظام اور دیگر حفاظتی اقدامات میں موجود خامیوں کی بروقت نشاندہی اور ان کا تدارک یقینی بنانا ہے۔

ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور دیگر اہم سرکاری عمارات کو اس آڈٹ میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ہر ضلع میں ضلعی فائر سیفٹی آڈٹ کمیٹی قائم کی گئی ہے، جو منتخب عمارات کا تفصیلی تکنیکی سروے کرے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: لوکل کونسلز ایسوسی ایشن تشکیل، سردار امتیاز عباسی صدر منتخب

آڈٹ کے دوران فائر الارم اور ڈیٹیکشن سسٹم، فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی ایگزٹ، انخلاء کے راستوں، بجلی کے نظام، ایمرجنسی رسپانس اور فائر ڈرلز سمیت دیگر اہم حفاظتی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

ڈائریکٹر جنرل ایس ڈی ایم اےکا کہنا تھا کہ پمز اسلام آباد کا واقعہ اس امر کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ فائر سیفٹی کے انتظامات محض موجود ہونا کافی نہیں بلکہ ان کی باقاعدہ جانچ، دیکھ بھال، عملی تربیت اور مؤثر انخلاء کے طریقہ کار کی موجودگی بھی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی کمیٹیوں کی آڈٹ رپورٹس کی بنیاد پر خامیوں کی نشاندہی اور ان کے ازالے کیلئے واضح سفارشات مرتب کی جائیں گی۔

تمام رپورٹس کو یکجا کرکے جامع آزاد کشمیر فائر سیفٹی آڈٹ رپورٹ تیار کی جائے گی اور مجاز حکام کو پیش کی جائے گی تاکہ ضروری اصلاحی اقدامات بروقت کیے جا سکیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد،چترال، سوات سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 4.9 ریکارڈ

ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے متعلقہ ضلعی کمیٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ آڈٹ کا عمل جامع، تکنیکی اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔

تاکہ انسانی جانوں، اہم انفراسٹرکچر اور سرکاری و عوامی املاک کے تحفظ کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

ایس ڈی ایم اے کا یہ اقدام حادثات کے بعد ردِعمل کے بجائے پیشگی خطرات کی نشاندہی، تیاری اور روک تھام کے اصول کے تحت فائر سیفٹی کو مزید مؤثربنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔