کشمیر کی حسین وادیاں، سرسبز پہاڑ، دلکش آبشاریں اور خوشگوار موسم سیاحوں کی توجہ کا ایک اہم مرکز بنے ہوئے ہیں، جہاں ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد ہر سال کی طرح اس سال بھی آزاد کشمیر کا رخ کر رہی ہے۔ قدرت کے یہ حسین نظارے سیاحوں کے لیے دلی سکون اور دلکشی کا باعث بنتے ہیں۔ آزاد کشمیر میں سیاحت نہ صرف علاقائی خوبصورتی کو اجاگر کرتی ہے بلکہ مقامی کاروبار اور معاشی اعتبار سے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
مظفرآباد ڈویژن کے سیاحتی مقامات اور مقامی تعاون:
مظفرآباد ڈویژن کے مختلف علاقوں میں وادی نیلم، وادی جہلم اور مظفرآباد کے خوبصورت مقامات جیسے کہ کیرن، شاردا، کیل، اڑنگ کیل سمیت دیگر علاقے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔ اسی طرح مظفرآباد میں پیر چناسی، پٹیکا، نوسیراپال، ریڈ کوٹ، سبیر، سرا، دھنی آبشار، گڑی دوپٹا، ہڈیاں بالا، چناری، چموٹی، داؤ خان، لیپا، چکار اور سدنگلی بھی سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔ نمایاں خصوصیات میں یہ بات شامل ہے کہ ان علاقوں کے مقامی لوگ بھی سیاحوں سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ آزاد کشمیر کے حالات بالکل پُرامن ہیں : سیاح
گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا سے آنے والے سیاحوں کے ایک ڈیلیگیشن نے جب یہاں کا دورہ کیا تو مقامی لوگوں نے ان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ اس موقع پر ایک سماجی کارکن شیخ معراج خالد نے مہمان نوازی کے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دیے، جس سے وہاں آئے ہوئے سیاح بہت زیادہ متاثر ہوئے۔ ان تمام حالات کے پیش نظر ضرورت اس امر کی ہے کہ آزاد کشمیر میں حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اور عملی اقدامات اٹھائے۔




